سعودی عرب نے نظمی النصر کو میگا سٹی منصوبے نیوم کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسرمقررکردیا

 
0
407

ابتدا میں النصر نیوم کے ترقیاتی منصوبے کے ابتدائی مرحلے’’ نیوم بے‘‘ کی ذمے داری سنبھالیں گے
ریاض04جولائی(ٹی این ایس)سعودی عرب نے نظمی النصر کو میگا سٹی منصوبے نیوم کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) مقرر کیا ہے۔ وہ یکم اگست کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ابتدا میں وہ نیوم کے ترقیاتی منصوبے کے ابتدائی مرحلے’’ نیوم بے‘‘ کی ذمے داری سنبھالیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق وہ اس سے پہلے نیوم بے کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی پر کام کرچکے ہیں اور وہ ا ب نیوم کے اہم اقتصادی شعبوں کی منصوبہ بندی کے بھی ذمے دار ہوں گے۔وہ نیوم کے بانی بورڈ کے بھی رکن ہیں۔نظمی النصر سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو میں تیس سال سے زیادہ تجربے کے حامل ہیں اور وہ آرامکو کے مختلف شعبوں میں کام کرچکے ہیں۔ نیوم میں تقرر سے قبل وہ جامعہ شاہ عبداللہ برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے قائم مقام صدر تھے۔انھوں نے آرامکو کے انتظامی افسر کی حیثیت سے وسیع تر ذمے داریاں انجام دی تھیں ۔انھوں نے جامعہ کی ترقی کے لیے حکمتِ عملی اور کاروباری منصوبے وضع کیے اور ان کی بنیاد پر بڑے اقدامات اور ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے۔نظمی النصر ویڑن کو حقیقت کا روپ دینے کی شہرت رکھتے ہیں ۔تعمیراتی صنعت سے وابستہ شخصیات کا کہنا تھا کہ نظمی النظر نیوم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔یہ میگا سٹی 26500 مربع کلومیٹر علاقے پر محیط ہوگا۔اس میں توانائی ، پانی ، بائیو ٹیکنالوجی ،خوراک ، جدید مینو فیکچرنگ اور سیاحت کے شعبوں میں مختلف بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور توقع ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار اس منصوبے میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے۔ سعودی حکام کے مطابق نیوم کے تمام منصوبے میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کا کل حجم 500 ارب ڈالرز متوقع ہے۔نیوم دنیا کا پہلا آزاد خصوصی زون ہے جو تین ملکوں سعودی عرب ، مصر اور اردن تک پھیلا ہوگا۔ یہ نیا جدید شہر سعودی عرب کے شمال مغربی علاقے میں تعمیر کیا جائے گا۔