قائد پاکستان نواز شریف اور انکی دختر مریم نواز شریف کیخلاف احتساب عدالت کا فیصلہ انصاف کا قتل عام ہے ٗراجہ فاروق حیدر

 
0
419

جیلوں ،مقدموں اور نادیدہ فیصلوں سے قوم کے رہنماوں کو عوام سے دور نہیں کیا جا سکتا،فیصلے پر بغلیں بجانے والے کوتاہ اندیش لوگ ہیں انہیں جلد احساس ہو جائے گا کہ اس فیصلے سے جمہوریت مزید کمزور ہوئی ہے ٗوزیر اعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد جولائی 07(ٹی این ایس) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے قائد پاکستان محمد نواز شریف اور ان کی دختر محترمہ مریم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کا فیصلہ انصاف کا قتل عام ہے۔جیلوں ،مقدموں اور نادیدہ فیصلوں سے قوم کے رہنماوں کو عوام سے دور نہیں کیا جا سکتا۔فیصلے پر بغلیں بجانے والے کوتاہ اندیش لوگ ہیں انہیں جلد احساس ہو جائے گا کہ اس فیصلے سے جمہوریت مزید کمزور ہوئی ہے۔

ایسے وقت میں جب کشمیری برہان وانی کا یوم شہادت منائیں گے کشمیریوں کے سیاسی ہیرو کو جعلی مقدمے میں سزا سنا کر کس کی خدمت کی گئی ہے۔بھارتی لابیاں اس وقت سے نواز شریف کے خلاف تھیں جب انہوں نے اقوام متحدہ میں برہان وانی شہید کا نام لیکر بھارتی ایوانوں میں ہلچل مچا دی تھی۔قائد پاکستان محمد نواز شریف کشمیری عوام کے محسن ہیں عوام اور نواز شریف کا رشتہ اٹوٹ دنیا کی کوئی طاقت اس رشتے میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔مجترمہ مریم نواز کو قید بامشقت کی سزا سنانا شرمناک عمل ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر قائد پاکستان محمد نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوے اسے انصاف کا قتل قرار دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے دن سے اس کے طریقہ کار پر اختلاف تھا۔جس طرح یہ سارا مقدمہ گھڑا گیا،وٹس ایپ پر جیسے ہدایات دی گئیں اور پھر جمعہ کے دن جن پراسرار حالات میں اس کو سنایا گیا اس نے نہ صرف انصاف کے عمل کو مشکوک بنا دیا بلکہ خود فیصلے کی کریڈیبیلیٹی کو بھی متاثر کیا۔انہوں نے کہا قائد پاکستان محمد نواز شریف پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کی جا سکی ایک گواہ بھی ایسا پیش نہ کیا جا سکا جو کچھ بتاتا مگر پھر بھی ایٹمی پاکستان کے تین بار منتخب وزیراعظم کو عوام اور ملک کی خدمت کرنے کی یہ سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے کارکنان اپنے قائد کیلیے ہر طرح کی قربانی دینے کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز کو بھی مشکوک عمل کے ذریعے سزا سنائی گئی جس پر ان لوگوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے نہ تو اس کے شیروں کو دبایا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعلی عدلیہ کو چاہیے کہ وہ کسی کی آلہ کار نہ بنے اور اس طرح قومی لیڈر شپ کی توہین کر کے اس ملک میں جمہوریت کو کمزور نہ کرے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے غیور عوام ان ناانصافیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر سارا حساب برابر کر دیں گے۔