کراچی: تحریک لبیک کے نامزد صوبائی امیدوار حادثے میں جاں بحق

 
0
338

صوبائی امیر مفتی غلام غوث بغدادی کی امامت میں نماز جنازہ

کراچی، جولائی 15(ٹی این ایس):کراچی میں تحریک لبیک پاکستان صوبائی اسمبلی حلقہ87کے نامزد امید وار شریف احمد خانزادہ ٹریفک حادثے میں جان بحق ہوگئےہیں۔

جمعہ کے روز رات8بجے شریف احمد اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے رزاق آباد اپنی موٹرسائیکل پر جارہے تھے،کہ نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک انہیں ٹکر مار کر موقع سے فرار ہوگیا اور انہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کی عمر60سال تھی اور انہوں نے سوگواران میں ایک بیو ہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے،ان کی گذر اوقات مکان اور دکان کے کرایہ کے ذریعے ہوتی تھی اور وہ تحریک لبیک کے قیام سے تاحال تحریک کے سرگرم کارکن رہے۔

ان کی نماز جنازہ ہفتہ کو مدینہ مسجد برف خانہ ملیر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کی امامت تحریک کے صوبائی امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کی جبکہ نماز جنازہ میں تحریک کے کراچی اور ملیر کے عہدے داروں کے علاوہ نامزد ارکان قومی وصوبائی اسمبلی علامہ سید زمان جعفری القادری،احمد حسین باوا،آصف انصاری،محمد علی قادری کے علاوہ عزیز واقارب اور ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جبکہ ان کے حلقہ سے قومی اسمبلی کی نامزد خاتون امید وار محترمہ افشاں شاہد نے شریف احمد خانزادہ کی بیوہ سے ملاقات کرکے ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور تحریک کے قائد علامہ خادم حسین رضوی کا تعزیتی پیغام پہنچاتے ہوئے مرحوم شریف احمد خان کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تحریک لبیک پاکستان کی پوری تنظیم ان کے ساتھ کھڑی ہے،یہ پیغام علامہ خادم حسین رضوی نے دیا ہے،وہ ایک اعلیٰ مشن کی تکمیل میں جاں بحق ہوئے اللہ ان کے حسن عمل کو قبول فرمائے۔مرحوم شریف احمد خان کی فاتحہ سوئم آج اتوار کو بعد نماز ظہر جامع مسجد مدینہ برف خانہ ملیر میں ہوگا۔