نوازشریف کے آنے سے مسلم لیگ ن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، نون لیگ سمیت کچھ جماعتیں انتخابات میں شکست کے واضح آثار دیکھ کر دھاندلی کا بیانیہ تراش رہی ہیں: فواد چوہدری

 
0
311

الیکشن کمیشن قوم کو بتائے کہ انتخابات میں عدم شفافیت اور غیر منصفانہ ماحول کے دعویدار کس حد تک سچے ہیں: نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ، جولائی 17 (ٹی این ایس):تحریک انصاف کے مرکزی رہنمافواد چودھری نے کہا ہے کہ نوازشریف کے آنے سے مسلم لیگ ن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ،پیسے بچانے کے لئے آنیوالوں سے عوام متاثر نہیں ہوتے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے آنے سے مسلم لیگ ن کو کوئی فرق نہیں پڑا ۔ نوازشریف اور مریم نواز نے اپنی سیاست بچانے کیلئے وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا لیکن لوگ نظریات سے متاثر ہوتے ہیں پیسے بچانے کے لئے آنیوالوں سے عوام متاثر نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اپنے استقبال سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے شفاف انعقاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرے ،منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف ماحول میں انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی آئینی فریضہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت کے بارے میں بعض سیاسی و صحافتی حلقوں میں اٹھنے والی آوازوں کا تجزیہ کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے تنقیدی آوازوں کا جامع تجزیہ کرے،

الیکشن کمیشن قوم کو بتائے کہ انتخابات میں عدم شفافیت اور غیر منصفانہ ماحول کے دعویدار کس حد تک سچے ہیں، نون لیگ سمیت کچھ جماعتیں انتخابات میں شکست کے واضح آثار دیکھ کر دھاندلی کا بیانیہ تراش رہی ہیں، یہ جماعتیں عوام کی جانب سے ممکنہ طور پر مسترد کئے جانے کو دھاندلی سے منسوب کرنے کیلئے متحرک ہیں، نون لیگ کیلئے مشکل ترین مرحلہ یہ ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ میدان تیار ہے مگر ایمپائر اپنی مرضی کا دستیاب نہیں، الیکشن کمیشن بتائے کہیں یہ آوازیں جان بوجھ کر انتخابات متنازعہ بنانے کی کوشش نہیں، انتخابات کے انعقاد سے قبل ہر قسم کے جائز تحفظات کا خاتمہ کمیشن کی ذمہ داری ہے، انتخابات کو ملک میں عدم استحکام کا وسیلہ بنانے والوں سے نمٹنا بھی کمیشن ہی کے ذمے ہے، الیکشن کمیشن صورتحال کی سنگینی کا احساس کرے اور فوراً حقیق منظر نامہ قوم کے سامنے لائے۔