اب خواتین کو جیلوں میں بھیجنے کی روایت شروع ہوگئی ہے، الیکشن سے قبل نیب کی کاروائیاں اور عدالتی فیصلوں نے الیکشن کو مشکوک بنا دیا ہے، لاہور کی ریلی کو بلیک آوٹ کیا گیا، سولہ گھنٹے فون کس نے بند کئے؟ شاہد خاقان عباسی

 
0
371

عمران خان نے پانچ سال میں کوئی تعمیری بات نہیں کی، ہمارا مزاج شریفانا ہے ان کا مزاج ان کو مبارک ہو: اصلاحات کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ، جولائی  19 (ٹی این ایس):  سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ اب خواتین کو جیلوں میں بھیجنے کی روایت شروع ہوگئی ہے ۔ خواتین کو جیلوں میں نہیں بھیجا کرتے ۔

اسلام آباد میں اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو جیلوں میں نہیں بھیجا کرتے ،اب خواتین کو جیلوں میں بھیجنے کی روایت شروع ہوگئی ہے، ایسی خاتون جس نے کوئی سیاسی عہدہ نہیں رکھا، اسے بھی جیل بھیج دیا گیا ۔ہم نے نوازشریف اور مریم نواز کا جیل میں جانا قبول کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل نیب کی کاروائیاں اور عدالتی فیصلوں نے الیکشن کو مشکوک بنا دیا ہے، لاہور کی ریلی کو بلیک آوٹ کیا گیا، سولہ گھنٹے فون کس نے بند کئے؟

2008میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی جس کی وجہ سے ہم کو 2013میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 5سال میں 11ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی اور گیس بحران پر قابو پایا۔دنیا کے بہتریں گیس پاور پلانٹ پاکستان میں لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کوئی کھیل تماشہ نہیں کیونکہ عوام کے ووٹ سے ملک کی تقدیر کافیصلہ  ہونا ہے ۔شاہ خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے بجلی کے بحران پر چیلنج سمجھ کر قابو پایا ۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان نے پانچ سال میں کوئی تعمیری بات نہیں کی،کوئی جماعت اگر ملک کو بہتر کر سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے،ہمارا مزاج شریفانا ہے ان کا مزاج ان کو مبارک ہو،ناقدین کا کام تنقید کرنا ہے،ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔