پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی کرپشن سے ملک مقروض ہو گیا ہے جس کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈال دیا جاتا ہے

 
0
299

 ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرکے آمدن بڑھائیں گے، عوام 25 جولائی کو انتخابات میں بھرپور شرکت کریں

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر شیری مزاری، امیدوار این اے 195 سردار ریاض خان مزاری اور دیگر کا جلسہ سے خطاب

صادق آباد ، جولائی 19(ٹی این ایس):  پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی کرپشن سے ملک مقروض ہو گیا ہے جس کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈال دیا جاتا ہے، ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرکے آمدن بڑھائیں گے، نواز شریف اور شہباز شریف کا مقصد بڑے پراجیکٹ سے زیادہ پیسہ کمانا ہے، عوام 25 جولائی کو انتخابات میں بھرپور شرکت کریں، یہ الیکشن آپ کے اور آپ کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شیری مزاری، امیدوار این اے 195 سردار ریاض خان مزاری، امیدوار پی پی 297 دوست محمد مزاری، ولی خان مزاری، سردار شیر خان مزاری، رفیق اعظم مزاری، سیکرٹری اطلاعات رضوان بنگلہ اچھا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کے لیڈر کا جینا مرنا پاکستان میں نہ ہو وہ کبھی پاکستان کیلئے نہیں لڑ سکتا۔ امیدوار این اے 195 سردار ریاض خان مزاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا سوچا ضرور تھا کہ تبدیلی آئے گی مگر اب صحیح معنوں میں تبدیلی آ گئی ہے، پورے کے پورے علاقے پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں، عوام نے 25 جولائی سے پہلے ہی پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دےدیا ہے، یہ وہ جنون ہے جو نیا پاکستان بنانے جا رہا ہے۔ امیدوار پی پی 297 دوست محمد مزاری نے کہا کہ 25 جولائی کو ایک نیا پاکستان بنے گا جس میں امیر اور غریب کے بچوں کےلئے یکساں تعلیمی نظام ہو گا، صحت و تعلیم کی سہولیات ہر آدمی کےلئے یکساں ہوں گی، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی 40 سال سے باریاں لے رہی ہیں، اب یہ کھیل ختم ہو چکا، عوام میں شعور آ چکا ہے، عمران خان نے تین کینسر ہسپتال بنائے، نمل یونیورسٹی بنائی، اب برسر اقتدار آنے کے بعد ملک ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب ان شعبدہ بازوں اور کرپٹ ٹولہ کو 25 جولائی کو بلے کے نشان پر مہر لگا کر ہمیشہ کےلئے مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن عام الیکشن نہیں ہے، اس میں عوام نے اپنی صحیح سمت کا تعین کرنا ہے، عوام کو شعور آ چکا ہے، وہ عمران خان کو اس قوم کا مسیحا سمجھتے ہیں اور بھاری اکثریت سے پی ٹی آئی کے امیدوارووں کو کامیاب کرائیں گے۔