ایس ایس پی میر پور خاص کی زیر صدارت ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا اجلاس، امن وامان کے حوالے سے احکامات اور الیکشن 2018 کے حوالے سے اہم ہدایات جاری 

 
0
386

میرپورخاص، جولائی 20(ٹی این ایس):سینیئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس میرپورخاص عابد علی بلوچ  نے ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا ایک اہم اجلاس طلب کیا  جس میں انھوں نے  امن وامان کے حوالے سے احکامات اور الیکشن 2018 کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بلائے گئے اجلاس میں تمام افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ الیکشن 2018 کے سلسلے میں تمام قوائد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جائے.

انھوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دیں، عوام سے اچہا رویہ رکہیں اور  عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،  تمام ایس ایچ اوز  اپنے حدود  میں شر پسند افراد پر کڑی نظر رکھیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں.پیٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر  بنائیں، جرائم کی روک تھام کے لیے  مؤثر حکمت عملی کے ساتھ کام کریں .اشتھاری و مفرور ملزمان کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں اور زیادہ سے زیادہ اشتہاری و مفرور ملزمان کو گرفتار  کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے.نیشنل ایکشن پلان پر  بھی تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں سختی سے عمل درآمد کروائیں.

ایس ایس پی میرپورخاص نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ، اسٹریٹ کرائم, سماجی برائیاں سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خاتمے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی  تاہم کسی تھانے کی حدود سے جوا، منشیات فروش ،گٹکہ مین پوری کی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائےگی۔

الیکشن سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے انھوں نے  کہا کہ انتخابی امیدوار،  الیکشن ایجنٹ اور ان کے حامی سختی سے اس بات کے پابند ہونگے کہ الیکشن سے قبل، انتخابی مہم اور دوران الیکشن تشدد یا قوائد کی خلاف ورزی کے لیئے نہیں اکسائیں گے اور نہ ہی ایسی زبان استعمال کریں گے جو تشدد کی طرف راغب کرے اور نہ ہی کوئی شخص کسی بھی پبلک یا سرکاری پراپرٹی کو نقصان پہچائے گا.عوامی اجتماعات، جلسے، جلوس اور پولنگ کے دن ہر قسم کے ہتھیاروں کے رکھنے یا نمائش پر دفعہ 144 کے تحت مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے. خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا.عوامی اجتماعات اور پولنگ اسٹیشنز کے نزدیک ہوائی فائرنگ سمیت تمام اقسام کی فائرنگ، کریکر اور دیگر دھماکہ خیز مواد کے استعمال پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی.عوامی میٹنگ  اور جلوس کا اس طرح انعقاد کیا جائے کہ روڈ کا استعمال کرنے والوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو اورپولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر مکمل طور پر پابندی ہوگی.