کراچی، جولائی 20(ٹی این ایس): ضلع ملیر کی الآصف چوکی کا انچارج شہریوں کو اٹھا کر انڈس پلازہ میں کرائے پر حاصل کیے گئے دو فلیٹ میں رکھتا ہے اور ان سے لاکھوں روپے لینے کے بعد رہا کردیتا، تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ الآصف چوکی کے انچارج اے ایس آئی ملک ارشد نے اپنی اسپیشل پارٹی بنالی ، اسپیشل پارٹی چار افراد پر مشتمل ہے جن میں دو افراد پشتون اور دودیگرپنجابی ہیں ، اور چاروں افراد کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ، ذریعے کا کہنا ہے کہ چوکی انچارج ملک ارشد نے الآصف چوکی چارج راؤانور کے ضلع ملیر سے ہٹنے کے بعد لیا تھا اور چارج لینے کے بعد کچھ ماہ بعد ہی اس نے اپنی اسپیشل پارٹی بنالی تھی، چوکی انچارج نے انڈس پلازہ میں دو کرائے پر فلیٹ حاصل کیے ہوئے ہیں ، چوکی میں لاکپ نہ ہونے کی وجہ سے چوکی انچارج ملک ارشد اسپیشل پارٹی کے ذریعے سہراب گوٹھ سے قصابوں اور کپڑے کے تاجروں کو اٹھا کر فلیٹ میں رکھتا ہے اور ان سے لاکھ روپے رشوت وصول کرنے کے بعد رہائی دیتا ہے اور ان کو پابند کیا جاتا ہے کہ اگر انہوں نے کسی سے اس بات کا ذکر کیا تو انہیں کسی بڑے مقدے میں فٹ کردیگا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی انچارج اپنی اسپیشل پارٹی کے ساتھ روزانہ صبح سہراب گوٹھ پر واقع گوشت مارکیٹ میں پہنچ جاتا ہے اور وہاں سے قصابوں کو اٹھا کر اپنے فلیٹ میں لے جاکر ڈیل کرتا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ گوشت مارکیٹ سے پریشر لگا گوشت شہر کی دیگر مارکیٹوں میں فروخت ہوتا ہے اور جیسے ہی سوزوکی میں پریشر لگا گوشت لوڈ ہوکر نکلتا ہے تو چوکی انچارج فوری طور پر سوزوکی ڈرائیور کو اٹھا لیتا ہے اور اس سے لاکھوں روپے لینے کے بعد رہائی دیتا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی انچارج ملک ارشد نے اپنی تعیناتی کے دوران دو مہنگے ترین موبائل فون لیے ہیں جن کی مالیت 3 لاکھ روپے سے زائد ہے چوکی انچارج ملک ارشد کے زیر استعمال موبائل فون سام سنگ S-9 اور S-8 ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی انچارج ملک ارشد بے گناہ قتل ہونے والے نقیب اللہ کے قتل میں مفرور سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت کا دوست ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نقیب اللہ کے قتل کے بعد ضلع ملیر کے تمام ایس ایچ او ز اور چوکی انچارج کو تبدیل کیا گیا تھا، اور اے ایس آئی ملک ارشد کو الآصف چوکی کا چارج دیا گیا تھا ، اس نے تعیناتی کے کچھ ماہ بعد ہی اپنی اسپیشل پارٹی چار پرائیوٹ افراد کے ساتھ بنا کر شہریوں کو اٹھا کر ان سے پیسے وصول کرنے شروع کردیئے ہیں ، اور کچھ ہی ماہ میں لاکھوں روپے جمع کرلیے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی انچارج ملک ارشد کی اسپیشل پارٹی کو اگر کوئی تاجر پیسے دینے سے منع کرتا ہے تو اسکے چرس اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں بند کردیتا ہے ،ذریعے کا کہنا ہے کہ ملک ارشد نے جب الآصف چوکی کا چارج لیا تھا تو اسکے پاس موٹر سائیکل تھی لیکن اب کار میں چوکی پر آتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی انچارج ملک ارشد کے زیر اثر چلنے والی اسپیشل پارٹی کے افراد سے سہراب گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں کام کرنے والے افراد میں خوف وہراس پایا جاتا ہے ،کرائم سیل نے چوکی انچارج ملک ارشد سے رابطہ کیا تو انکا کہنا تھا کہ منگل والے روز گوشت مارکیٹ میں گوشت کھولا جاتا ہے جس پر پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے ،جن میں پاسبان کا علاقائی صدر اور گوشت مارکیٹ کاصدر شامل ہے، جس کی وجہ سے گوشت مارکیٹ میں موجود کچھ کرمنل افراد جو منگل کے روز بھی گوشت فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان میں خوف وہراس پایا جاتا ہے ، جب چوکی انچارج ملک ارشد سے کرائم سیل نے انڈس پلازہ میں کرائے پر حاصل کرنے والے فلیٹوں کے حوالے سے سوال کیا تو انکا کہنا تھا کہ میں قائد آباد میں رہتا ہو اور انڈس پلازہ الآصف چوکی کی حدود میں نہیں آتا ہے اورنہ ہی میں نے کوئی فلیٹ کرائے پر حاصل کیے ہیں ، ان سے اسپیشل پارٹی کے حوالے سے کرائم سیل نے سوال کیا تو انکا کہنا تھا کہ میں کوئی اسپیشل پارٹی نہیں چلا رہا ہو اسپیشل پارٹی چلانے پر تو پابندی لگی ہوئی ہے۔