چلتی بس میں سے ایک مسافرنے اٹھ کرڈرائیورپرچاقوتان لیا،حملے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے،پولیس
برلن جولائی 21(ٹی این ایس)جرمنی میں حکام نے کہاہے کہ شمالی شہر لیؤبِک میں ایک شخص نے ایک بس کے مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم سے کم 14 افراد زخمی ہو گئے تاہم ابھی تک اس حملے کے محرک کا تعین نہیں ہو سکا۔عرب ٹی وی کے مطابق شلسفیگ ہولسچائن صوبے کی پولیس نے بتایاکہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد میں سعودی عرب کا کوئی شہری شامل نہیں۔شلسفیگ ہولسچائن صوبے کی پولیس نے بتایاکہ مسافروں سے بھری ایک بس شہر کے قریب ہی واقع ٹراوِن موئینڈے نامی ساحلِ سمندر پر جا رہی تھی جب ایک شخص نے مسافروں پر چاقو تان لیا۔
ڈرائیور نے فوری طور پر بس روک دی تاکہ مسافر بس سے نکل سکیں۔عینی شاہدین نے جو حملے کے مقام سے قریب تھے نے بتایاکہ مسافروں نے بس سے باہر چھلانگ لگا دی۔ وہ چلا رہے تھے۔ یہ سب بہت خوفناک تھا۔ زخمی افراد کو بس سے باہر نکالا گیا۔ حملہ آور کے ہاتھ میں گھریلو استعمال کا ایک چاقو تھا۔
اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔لیؤبِک کی چیف پراسیکیوٹر اْرزلا ہنگسٹ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ فی الحال ہم حملہ آور کی شناخت اور حملے کے محرک کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔مقامی پولیس نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ بس کے مسافروں پر حملے میں لوگ زخمی ہوئے ہیں لیکن کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ ٹویٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے اور اسے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
جرمن پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ اس حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر مذہبی انتہا پسندی کا محرک ہو سکتا ہے۔