نازیبا اور غیر شائستہ زبان کے استعمال: پرویز خٹک،ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کو آئندہ احتیاط برتنے کا بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت

 
0
398

اسلام آباد، جولائی 22 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی مہم میں نازیبا اور غیر شائستہ زبان کے استعمال پر سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اورجمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آئندہ احتیاط برتنے کا بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضاکی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے از خود نوٹسز کی سماعت کی۔

سماعت میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ جو بات پرویز خٹک نے کہی وہ ہنسنے کی نہیں رونے کا مقام ہےاور الیکشن میں نتیجہ کچھ بھی ہو اس مقدمہ کے فیصلہ سے مشروط ہو گاجبکہ اس موقع پر پرویز خٹک، ایاز صاد ق اور مولانا فضل الرحمان کے وکلاءبھی موجود تھے ۔

ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر نے ایاز صادق کے وکیل کو مخاطب کر کے کہا آپ کے موکل نے ایسی زبان ہی استعمال کیوں کی، کم از کم ندامت کا بھی ایک لفظ بول دیتےتاہم ایاز صادق کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔

الیکشن کمیشن نے تینوں امیدواروں سے بیان حلفی طلب کرتے ہوئے نوٹسز کی مزید سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی۔