رشید دوستم کی آمد پر کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ پر خعد کش دھماکہ،سکیورٹی اہلکاروں سمیت11 افراد جاں بحق ، 14 افراد زخمی، دوستم محفوظ

 
0
1117

کابل، جولائی  22 (ٹی این ایس):  افغانستان کے کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دروازے میں دھماکے سے کم ازکم 11 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا  جب جلاوطنی کے بعد واپس آنے والے نائب صدر عبدالرشید دوستم کے استقبال کے لیے وہاں  شہریوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔

افغان حکومت کے سینئر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ عبدالرشید دوستم کے استقبال کے لیے سیاسی رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی تاہم جیسے ہی وہ ائرپورٹ سے واپس جانے لگے تو دھماکا ہوا۔عبدالرشید دوستم کے ترجمان بشیر احمد تیانجی کا کہنا تھاکہ دوستم بکتربند گاڑی میں سوار تھے اور محفوظ رہے۔کابل پولیس کے ترجمان حشمت استنکزئی کا کہنا تھا کہ واقعے میں تاحال 11 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے کو خود کش قرار دیتےہوئےکہا کہ خود کش حملہ آور پیدل تھا جبکہ متاثرین میں عام شہریوں کے علاوہ بچے اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ افغان نائب صدر عبدالرشید دوستم پر افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگے تھے جس کے بعد وہ مئی 2017 میں ترکی چلے گئے تھے۔