مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ، تحریک انصاف اور پنجاب حکومت اکھٹے ہیں: شہباز شریف

 
0
342

دھاندلی نہ روکی تو عوامی سیلاب نہیں روک سکوں گااور خود عوامی سیلاب کے آگے ہو کر گولی کھاؤں گا: ملتان میں عوامی جلسہ سے خطاب

ملتان ، جولائی  22 (ٹی این ایس):  پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پہلے بھی جیلیں اور ہتھکڑیاں برداشت کی ہیں، عوامی سیلاب کے آگے میں گولی کھاؤں گا لیکن آپ کا ووٹ محفوظ کروں گا، مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ، تحریک انصاف اور پنجاب حکومت اکھٹے ہیں،پولیس ، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن نے دھاندلی نہ روکی تو عوامی سیلاب نہیں روک سکوں گااور خود عوامی سیلاب کے آگے ہو کر گولی کھاؤں گا ،صوبائی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن کان کھول کر سن لیں کہ ووٹرز کو روکا تو پورا پاکستان ہو گا اور صوبائی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف کے ساتھ ایسا سلوک ہو رہا ہے جیسے انہوں نے ملک سے دشمنی کی ہے،حنیف عباسی کے خلاف رات 12 بجے کے قریب فیصلہ دیا گیا، الیکشن کمیشن نے ان کے حلقے میں انتخابات ملتوی کر کے اچھا کیا لیکن سب کو الیکشن کے بعد کی تاریخ مل گئی اور حنیف عباسی کو جکڑ دیا گیا،میں پوچھتا ہوں کہ سب کوتاریخیں مل گئیں لیکن حنیف عباسی کو کس طرح الیکشن سے چار روز قبل الیکشن سے الگ کردیا گیا؟ یہ اس لئے کیا ہے کہ شیخ چلی اس حلقے سے 70ہزار ووٹ سے ہار رہا تھا ،الیکشن سے چار روز قبل حنیف عباسی کو سزا سنائے جانے کے بعد اب اس میں کیا شک رہ گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے لیکن اب ہم اس دیوار کو 25جولائی کوگرائیں گےاور  ووٹ کی پرچی سے نواز شریف، مریم نواز اور حنیف عباسی کو جیل سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب اردوان نے مجھے فون کرکے میرا ، نوازشریف اور مریم نواز کا حال پوچھا ہے جس پر میں نے ان کاشکریہ ادا کیاہے ،مجھے ترک صدر نے یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان کو ترکی بنانے میں میر ی مدد کریں گے ،انہوں نے مجھے یقین دلایاہے کہ تم میرے بھائی ہو تم جو کہوگے میں کروں گا،میں نے ترک صدر سے اپنے لئے دعا کرنے کی درخواست کی ہے ۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے ملتان میں میٹرو بس بنائی جو عوام کے لئے تحفہ ہے ، میں نے عمران خان کو ہزار مرتبہ چیلنج کیا ہے کہ میرے خلاف کرپشن کا ثبوت لیکر آؤ  لیکن وہ کوئی ثبوت لیکر نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف اور پنجاب حکومت اکٹھے ہیں،میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ ملتان میٹرو میں میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن بھی نکل آئی تو میں ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا ،اگر میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ہو تو مجھے پھانسی پر چڑھا دو اور اگر عمران خان تمہارے خلاف پشاور میٹرو میں کرپشن ثابت ہوجائے تو کسی پیر کے پاس جاکر چلہ کرو۔انہوں نے کہا کہ اب الیکشن میں صرف تین دن رہ گئے ہیں اور اگر نیب نے ، الیکشن کمیشن نے اور نگران حکومت نے دھاندلی کو نہ روکا تو پھر میں عوامی سیلاب نہیں روک سکوں گا ،سیلاب کے آگے میں ہوں گا اور گولی کھاؤں گا ۔