ایران کی 68 طلباء تنظیموں کا مظاہروں کے دوران گرفتار طلباء کی رہائی کا مطالبہ

 
0
332

پرامن احتجاج میں حصہ لینے والے طلباء کوپولیس نے جیلوں میں ڈال رکھا ہے،طلبہ تنظیمیں
تہران24جولائی(ٹی این ایس)ایران میں مہنگائی اور معاشی استحصال کے خلاف آواز بلند کرنے والے طلباء کو نام نہاد انقلاب عدالتوں کی جانب سے کڑی سزائیں دی جا رہی ہیں اور انہیں قید وبند میں ڈال کرحکومتی ناکامیوں پرعوام کا منہ بند کرنے کی مذموم کوششیں جاری ہیں۔ ایرانی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق پرامن احتجاج میں حصہ لینے والے دسیوں طلباء کو ایرانی پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد جیلوں میں ڈال رکھا ہے۔ایران میں طلباء کی نمائندہ کئی تنظیموں نے طلباء کو حراست میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دسمبر اور جنوری کے دوران گرفتار تمام طلباء کو غیر مشروط طورپر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

طلباء کے حقوق کے لیے کام کرنے والی 68 تنظیموں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پْرامن مظاہروں کے دوران گرفتار طلباء طالبات کو فوری طور پررہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ طلباء کو جیلوں میں ڈالنے سے حکومت کے خلاف عوامی غم وغصے میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت کو طلباء کو ہراساں کرنے کی پالیسی کو فوری طورپر ترک کرنا چاہیے۔طلباء تنظیموں نے ایک نوجوان خاتون انسانی حقوق کارکن فرشتہ طوسی کو18ماہ قید کی سزا دینے کے عدالتی فیصلے کی شدید مذمت کی اور اسے غیر منصفانہ قرار دیا۔