پولنگ ختم ہونے کے بعد بہت خوفناک صورتحال دیکھنے کو ملی ، سات بجے نتائج آنا شروع ہوئے اور ابھی تک لاہور کے کسی حلقے کا سرکاری اعلان نہیں ہوا: شہباز شریف

 
0
373

پورے پاکستان سے شکایات آئیں کے فارم 45نہیں دیا جارہا ہے اور پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا: میڈیا سے گفتگو

لاہور ، جولائی 26(ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرے پاس ڈیرہ غازیخان سے ویڈیوز آئی ہیں جس میں لوگ چلا رہے ہیں، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنز سے نکال دیا گیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ13جولائی سے پہلے ہمارے سینکڑوں کارکنوں کوگرفتار کیاگیا جس پر ہم نے بڑ ے تحمل اوربرداشت سے کام لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ الیکشن شفاف ہونگے ۔ شدید گرمی اور حبس کے باوجود لوگ باہر آئے اور انہوں نے بہت تکلیف کے ساتھ لمبی لائنوں میں لگ کر ووٹ ڈالے ۔ پولنگ ختم ہونے کے بعد بہت خوفناک صورتحال دیکھنے کو ملی ۔ سات بجے نتائج آنا شروع ہوئے اور ابھی تک لاہور کے کسی حلقے کا سرکاری اعلان نہیں ہوا ۔ پورے پاکستان سے شکایات آئیں کے فارم 45نہیں دیا جارہا ہے اور پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا ۔ ڈیرہ غازیخان سے میرے پاس ویڈیو ز آئیں جومیرے آئی فون میں ہیں جن میں لوگ چلا رہے ہیں کے خدارا ہمارے بچوں اور خواتین کو چھوڑ دو اور وہاں سے پولنگ ایجنٹس کونکال دیا گیا ۔