زبیر محمود کی کبھی چوہدری نثار سے ملاقات نہیں ہوئی اور یہ سب کچھ پلانٹڈ ہورہا ہے، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا،میرا ن لیگ یا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں: تہمینہ درانی کا اپنے سابق سیکریٹری کے انکشافات پر ردعمل

 
0
475

لاہور ، اپریل 11 (ٹی این ایس):  وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا،میرا ن لیگ یا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تہمینہ درانی کا کہناتھا کہ زبیر محمود کا تعلق غریب گھرانے سے تھا ،میں نے سنا ہے کہ یہ شخص کوئی کتاب لکھ رہا ہے۔زبیر محمود کوکبھی ملازم نہیں سمجھاتھااور اس کے والدین کو عمرہ بھی کروایاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ زبیر محمود کی کبھی چوہدری نثار سے ملاقات نہیں ہوئی اور یہ سب کچھ پلانٹڈ ہورہا ہے۔چوہدری نثار ہمارے گھر کے فرد ہیں ، میں چوہدری نثار کوسابق وزیراعظم نواز شریف سے پہلے سے جانتی ہوں ۔

اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے سابق سیکرٹری زبیر محمود نے اہم انکشافات کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زبیر محمود کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا وزیرا عظم بننے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔ شہباز شریف نہیں چاہتے تھے کہ مریم نواز لیڈر بنے۔ چودھری نثار علی خان اور تہمینہ درانی نے شہباز شریف کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا لیکن شہباز شریف نے کہا کہ میں پس پردہ رہ کر راستہ بناؤں گا۔

زبیر محمود نے انکشاف کیا کہ شہباز شریف کو جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل ہی سوالنامہ مل گیا تھا ، چودھری نثار اور شہباز شریف کی اکثر ملاقاتیں ہوتی تھیں، ان کی دو درجن سے زائد ملاقاتیں تہمینہ درانی کے گھر پر ہوئیں اور میڈم تہمینہ ملاقاتوں کا احوال مجھ سے شئیر کرتی تھیں، میڈم نے مجھ سے کہاتھا کہ یہ تمام میسجز اور باتیں محفوظ کر لو ، 10 سال بعد کتاب لکھنا ۔

میں نے تھوڑی جلدی کی ، 4 ماہ میں کتاب شائع ہو جائے گی۔ جو جانا اور دیکھا سب کچھ کتاب میں لکھ دیا ہے۔ تہمینہ درانی سے ہوئی بات چیت ، ان کے ٹیکسٹ میسجز اور ان کے فون کالز کا ریکارڈ میرے پاس موجود ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ چودھری نثار علی خان کی پارٹی سے مخالفت طے شدہ ہے۔ چودھری نثار علی خان شہباز شریف کی ہدایت پر چل رہے ہیں۔