برطانیہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کا پابند ہے‘ سید علی گیلانی

 
0
334

حریت کانفرنس کی حریت رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں اور انکی گرفتار کی مذمت
سرینگر27جولائی(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ پر برطانوی پارلیمنٹ کے نوٹس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کا اہم رکن ہونے کی حیثیت سے برطانیہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کا پابند ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ تنازعہ کشمیر کے حل میں اخلاقی و سیاسی طور پر ایک اہم کردار ادا کرنے کا اس لیے بھی پابند ہے کیونکہ یہ مسئلہ اسی کے دور میں تقسیم برصغیرکے وقت پیدا ہوا تھا۔ سید علی گیلانی نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان لارڈ قربان حسین ،لارڈ نزیر اور لارڈ طارق احمد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے عالمی ادارے کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کا دورہ کر کے انسانی حقوق کی پامالیوں کے مجرموں کو سزا دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنماؤں کے گھروں پر رات کے وقت چھاپوں کے دوران ان کی گرفتاری اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے حریت پسندوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ حریت رہنما محمد رفیق گنائی جنہیں حال ہی میں جیل سے رہا کیا گیا ہے کے گھر پر بار بار چھاپے ڈالے جارہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کو بلاوجہ پریشان کیا جارہا ہے۔ حریت کانفرنس نے تحریک حریت کے رہنما بشیر احمد قریشی کی گرفتاری اور محمد یوسف فلاحی جنہیں 2016کی احتجاجی تحریک کے دوران گرفتار کیا تھا کی درخواست ضمانت کو عدالت کی طرف سے مسترد کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی۔