عمران خان مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ مرکوز کریں گے ‘یاسین ملک 

 
0
315

میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل بارے عمران خان کے موقف کا خیرمقدم 
سرینگر27جولائی(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور پاکستان کے متوقع وزیرا عظم عمران خان مسئلہ کشمیر بارے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے عمر ان خان کے موقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ ممالک امن کو ایک موقع فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایک مستحکم حکومت بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مددگار ثابت ہو گی ۔ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمر ان خان کے مسئلہ کشمیر بارے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے عمران خان کے ساتھ اپنی دوستی اور 2005کے تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں انکے ساتھ حصہ لینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ انہیں توقع ہے کہ عمران خان خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ واضح رہے کہ عمر ان خان نے 25جولائی کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد گزشتہ روز قوم سے اپنے پہلے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا تھا ۔