کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے مسئلہ کشمیر بارے عمران خان کے موقف کا خیرمقدم 

 
0
549

عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد فراہم کرے‘علی رضا سید
برسلز27جولائی(ٹی این ایس)کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے پاکستان تحریک انصاف کو عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے بارے میں انکے موقف کا خیرمقدم کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمران خان نے انتخابات میں کامیابی کے بعد گزشتہ روز اپنے پہلے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا تھا ۔

علی رضا سیدنے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاکہ عمر ان خان کا کشمیر بارے موقف انتہائی خوش آئند ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے حل کو خاص اہمیت دیتے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کو بھی شامل کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کشمیری عوام اس مسئلے کے بنیادی فریق ہیں ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان مسئلہ کشمیرکے حل کے حوالے سے کسی بھی متوقع اقدام سے پہلے کشمیریوں کو اعتماد میں لیں گے تاکہ تنازعہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔ علی رضا سید نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد فراہم کرے۔انہوں نے واضح کیاکہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء کے خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہو سکتی ۔ یورپی کونسل کے چیئرمین نے بھارت پر زوردیا کہ وہ بلا تاخیر اپنی روایتی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری سات دھائیوں سے اپنی حق پر مبنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں ۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا ۔