سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 طاقتور بیٹری کے ساتھ لانچ ہونے کے قریب

 
0
844

اسلام آباد27جولائی (ٹی این ایس)سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 اس کمپنی کا سب سے طاقتور بیٹری والا فون ثابت ہونے والا ہے، جس کا عندیہ کمپنی نے ایک نئی ویڈیو میں بھی دیا ہے۔

9 اگست کو ایک ایونٹ میں اس فون کو متعارف کرایا جائے گا اور اس حوالے سے مختلف ٹیزر کمپنی کی جانب سے ریلیز کیے جارہے ہیں۔اب ایک ویڈیو میں کمپنی نے بظاہر اس افواہ کی تصدیق کردی ہے کہ یہ نیا فلیگ شپ فون زیادہ بہتر بیٹری لائف کے ساتھ ہوگا۔اس حوالے سے ٹیزر ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وہ وقت کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے جب بیٹری ختم ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، مگر یہ سب بدلنے والا ہے ۔یہ اطلاعات پہلے سامنے آچکی ہیں کہ گلیکسی نوٹ 9 بڑی 4000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا جو کہ گزشتہ سال کے گلیکسی نوٹ 8 کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے، جس میں 3300 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی۔مختلف لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 9 کی بیٹری پورا دن مکمل برائٹنس کے ساتھ ویڈیو دیکھنے پر بھی کام کرے گی۔گلیکسی نوٹ 9 ڈیزائن کے لحاظ سے لگ بھگ گلیکسی نوٹ 8 جیسا ہی ہوگا جس میں سکس جی بی سے 8 جی بی ریم جبکہ 64 جی بی سے 512 اسٹوریج تک مختلف آپشنز دستیاب ہوں گے۔یہ سام سنگ کا سب سے مہنگا فون بھی ہوگا جبکہ ڈسپلے کے لحاظ سے بھی یہ سب سے بڑا ہوگا جس میں 6.4 انچ اسکرین دیئے جانے کا امکان ہے۔