مو لانا معاویہ اعظم کی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات، پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان

 
0
1443

اسلام آباد، اگست 02(ٹی این ایس):پی پی 126جھنگ سےآزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ممبر پنجاب اسمبلی اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا اعظم طارق مرحوم کے صاحبزادے مو لانا معاویہ اعظم کی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات ،جھنگ کی ترقی و خوشحالی ،یونیورسٹی کے قیام اور تحفظ  ناموس رسالت ﷺ و ناموس صحابہؓ کے قانون کے تحفظ کی یقین دہانی پر پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ،عمران خان سے کسی بھی وقت ملاقات متوقع ،یاد رہے کہ مولانا معاویہ اعظم ملک کی بڑی مذہبی جماعت اہل سنت والجماعت کے مرکزی رہنما ہیں اور عام انتخابات  2018 میں ان کی جماعت نے مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلس عمل کی کھل کر مخالفت کی تھی جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے مولانا فضل الرحمن کے مقابلے میں تحریک انصاف کے امیدوار علی امین گنڈا پور کی حمایت کی تھی جنہوں نےجے یو آئی سربراہ  کو بڑے مارجن سے شکست دی تھی ۔

معاویہ اعظم طارق نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین سے ملاقات کر کے آزاد حیثیت میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے،اس سے پہلے سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری محمد سرور دیگر رہنماؤں کے ساتھ جھنگ میں ان کی رہائش گاہ  پر ملاقات کر کے تحریک انصاف کے لئے حمایت کی اپیل کی تھی ،ملاقات میں مولانا محمد احمد لدھیانوی اور اہلسنت والجماعت کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔جہانگیر خان ترین سے ہونے والی ملاقات میں مولانا محمد معاویہ اعظم نے  ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی  تبالہ خیال کیا اور انہیں جھنگ کی ترقی و خوشحالی کے لیے ترقیاتی کام کروانے ،یونیورسٹی کے قیام ،سوئی گیس کی فراہمی اور ملک میں  قانون ناموس رسالت ﷺ و ناموس صحابہؓ  کے تحفظ کے حوالے سے گفتگو کی ۔مولانا معاویہ اعظم کی حمایت حاصل کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ بھی اپنے وفد کے ہمراہ جھنگ میں مولانا احمد لدھیانوی اور معاویہ اعظم سے ملاقات کر چکے ہیں تاہم اہلسنت والجماعت نے مشاورت کے بعد  مسلم لیگ ن کی حمایت سے انکار کر دیا تھا ۔