کراچی ،گلشن اقبال کے سرکاری اسکول پر لینڈ مافیا نے تالا لگادیا

 
0
3083

کراچی اگست 2(ٹی این ایس)کراچی میں قبضہ مافیا ایک مرتبہ ایک بار پھر سرگرم ہوگئی ہے جس نے اسلحے کے زور پر سرکاری اسکول کو تالہ لگا دیا،بچوں کو مجبوراً سڑک پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنی پڑی۔مذکورہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کہتے ہیں کہ بااثر افراد کی جانب سے عمارت خالی کرنے کے لیے مسلسل دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے قبضہ مافیا کے تالے توڑ کر عمارت اسکول انتظامیہ کے حوالے کردی۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع گورنمنٹ علی محمد اقبال ایلیمنٹری اسکول کو صبح سویرے قبضہ مافیا نے تالہ لگا کر بند کردیا، لیکن بچوں کی تعلیم کا عمل بند نہ ہوسکا، طالب علموں نے سڑک پر بیٹھ کر پڑھائی شروع کردی۔اسکول کے ہیڈ ماسٹر کہتے ہیں کہ اسکول 25سال سے سرکار کی ملکیت میں چل رہا ہے، کافی عرصے سے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے اسکول کا دورہ کیا، پولیس نے قبضہ مافیا کی جانب سے لگائے تالے توڑ دیے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔سرکاری اسکول پر لینڈ مافیا کے قبضے کا نگراں وزیر تعلیم ڈاکٹر سعدیہ نے بھی نوٹس لے لیا، انہوں نے ڈائریکٹر اسکول سے معاملے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔