سینیٹررحمان ملک سے یورپی یونین وفد برائے پاکستان کے سفیر کی ملاقات،پاکستانی عوام یوروپین یونین سے ملک کو موجودہ معاشی صورتحال سے نکالنے میں مدد کی امید رکھتی ہے،سینیٹر رحمان ملک

 
0
515

اسلام آباد اگست 2(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹررحمان ملک سے یورپی یونین وفد برائے پاکستان کے سفیر یژان فوانسوس نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات میں سینیٹر رحمان ملک اور ای یو سفیر یژان فوانسوس کوتاں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

سینیٹر رحمان ملک نے یوروپین یونین کی پاکستان سے متعلق پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین کے وفد نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستان کی عوام کا ساتھ دیا ہے۔پاکستان اور پاکستانی عوام ہمیشہ یوروپین یونین کا مشکل وقت میں ساتھ دینے پر مشکور رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں و نقصانات سب سے بڑھ کر ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ساتھ دینے پر پاکستان کو بے پناہ جانی و مالی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔رحمان ملک نے کہا کہ ملک کی موجودہ نازک معاشی صورتحال پاکستان کا دھشتگردی کیخلاف جنگ میں ساتھ دینے کی وجہ ہے۔ پاکستانی عوام یوروپین یونین سے ملک کو موجودہ معاشی صورتحال سے نکالنے میں مدد کی امید رکھتی ہے۔

بعد ازاں ای یو سفیر یژان فوانسوس کوتاں نے سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستانیوں کو موجودہ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے پر مبارکباد دی۔ ای یو سفیر یژان فوانسوس کوتاں نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ ای یو سفیر یژان فوانسوس کوتاں نے سینیٹر رحمان ملک کو پاکستان کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔