اسلام آباد اگست 06(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعظم کا پروٹوکول ملنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الحق کو سیکیورٹی حکام سے رابطہ کرکے اضافی پروٹوکول ختم کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان بنی گالہ سے نجی ہوٹل پہنچے تو سیکیورٹی حکام نے عمران خان کو وزیراعظم کا پروٹوکول دیا۔
عمران خان نے وزیراعظم کا پروٹوکول ملنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا سیکیورٹی حکام نے بغیراجازت روٹ کیوں لگایا، پروٹوکول لینا چاہتا ہوں اور نہ ہی روٹ لگنا چاہیے۔سربراہ پی ٹی آئی نے نعیم الحق کو سیکیورٹی حکام سے رابطہ کرکے اضافی پروٹوکول ختم کرنے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان گھر سے نکلے تو حکومت کی جانب سے وزیراعظم کا مکمل پروٹوکول دیا گیا، عمران خان اس پروٹوکول کے خلاف ہے۔
نعیم الحق نے کہا کہ ہم سیکیورٹی اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ خطرات کے باوجود کپتان کی ہدایت ہے کہ پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے تاکہ عوام کوتکلیف نہ ہو۔یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے واضح کیا تھا کہ نہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہوں گی نہ شہنشاہوں والا پروٹوکول ہوگا جبکہ وفاقی اور صوبائی وزرا کا پروٹوکول کم سے کم رکھنے کی بھی ہدایت کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ نہ خود پروٹوکول لوں گا نہ دوسروں کو لینے دوں گا۔ تمام وزراء ان کے بنائے گئے ایس او پی کے پابند ہوں گے۔