اس نظام میں انصاف کے لیے مظلوموں کو لاشیں سڑکوں پر رکھنا پڑتی ہیں: خرم نواز گنڈا پور

 
0
403

انصاف تھانوں سے ملتا تو مظلوم دربدر نہ ہوتے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

اسلام آباد، اگست 07 (ٹی این ایس):  پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ مقتولین کے ورثاکا حصول انصاف کے لیے لاشوں کے ہمراہ سڑکوں پر دھرنے دینا بے حسی اور انصاف دینے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

جس نظام میں انصاف کے لیے مظلوم اداروں کی بجائے سڑکوں پر آئیں ایسے نظام کو دفن کردینا چاہیئے۔

انہوں نے پھلروان میں ایک ہی فیملی کے 5افراد کے قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مظلوم خاندان سے پورا انصاف ہونا چاہییے،

وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں 10سال حکومت کی اور دس سال کا ہر دن اداروں بالخصوص پولیس کو کمزور کیا، پولیس کے ادارے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا اور آج انصاف کے خواہاں عوام سمجھتے ہیں کہ انہیں انصاف تھانوں سے نہیں سڑکوں پر جانے سے ملے گا،

خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے نواز شریف کی جیل سے رہائی کا نسخہ بتا دیا ہے کہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز آکر کہہ دیں کہ جائیداد میں نے خریدی تو نواز شریف الزام سے بری ہوجائیں گے۔

جبکہ خود نواز شریف بھی کہہ چکے ہیں کہ پانامہ کیس میں میرا نہیں میرے بیٹوں کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹے والدین کی عزت اور آرام کے لیے ہمیشہ قربان ہوتے ہیں۔

حسین نواز کو چاہییے کہ وہ احتساب عدالت میں پیش ہوکر جائیدادوں کی خریداری کا اعتراف کریں اور اپنے اس باپ کو جیل کی سلاخوں سے نکلوائیں جنہوں نے انہیں پالا، جوان کیا اور انہیں لندن جیسے دنیا کے مہنگے ترین شہر میں اربوں روپے کا کاروبار کروایا۔