اسلام آباد8 اگست (ٹی این ایس) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈاکٹر عامر لیاقت کو 4 بجے طلب کر لیااور ان کے خطاب کے کلپ طلب کر لئے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے میڈیا پر قابل نفرت گفتگو ہوئی ،غداری اور بھارتی ایجنٹ کے فتوے لگائے جاتے ہیں۔
چیف جسٹس نے عامر لیاقت کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عامر لیاقت کو بلا لیں ،وہ کیوں نہیں آئے یہ توہین عدالت کا کیس ہے ،کیوں نہ ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیں ۔سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کے خطاب کے کلپ طلب کرلئے اور درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی آپ عامر لیاقت کی تقریر کے ساٹس نکال کر لے آئیں ،عامر لیاقت نے حکم کی خلاف ورزی کی ہے تو توہین عدالت نوٹس دینگے۔چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ پارلیمنٹ میں حلف برداری کب ہے ،وکیل درخواستگزار نے کہا کہ شاید13 اگست کے روز ہو گی ،سپریم کورٹ نے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔