کراچی، اگست 11(ٹی این ایس): کے الیکٹرک کی جانب سے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی لائن پھٹ گئی ،متاثرہ لائن کی مرمت ہنگامی بنیادوں پرتیزی سے جاری ہے ، کراچی کو متبادل لائن سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر لائن کی مرمت جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اضافی مشینری و عملہ وقوعہ پر پہنچا دیا گیا ہے،لائن پھٹنے اورگھارو دھابیجی و پپری پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے دوران کراچی کو 100ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو علی الصبح 5:05 بجے کے الیکٹرک کی جانب سے واٹربورڈ کے اہم ترین دھابیجی پمپنگ اسٹیشن ،گھارو پمپنگ اسٹیشن و فلٹر پلانٹ اور پپری پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ،اس دوران تینوں پمپنگ اسٹیشنز سے کراچی کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی جاری تھی،اچانک بجلی کی بندش کے باعث بیک پریشر پیدا ہونے سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی،ایم ڈی واٹربورڈ نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضروری بھاری مشینری اورتیکنیکی عملے سمیت اعلیٰ افسران و انجینئرز کی ٹیم کو وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی جس نے بغیر کوئی وقت ضائع کئے بغیر لائن کی مرمت کیلئے کام کا آغاز کردیا ،بجلی بحال ہونے کے بعد صبح 8:15 پر کراچی کو متبادل لائنوں سے معمول کے مطابق پانی کی فراہمی شروع کردی گئی تھی ،ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر متاثرہ لائن کی جلد از جلد مرمت کیلے اضافی مشینری و عملہ محو عمل ہے ،لائن کی مرمت ہفتہ کی صبح 9 بجے تک مکمل کرلی جائے گی ۔













