جشن یوم آزادی: ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور ون ویلنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

 
0
1101

لاہور، اگست 11(ٹی این ایس):پولیس نے یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، لاﺅڈ سپیکر کے غلط استعمال اور ون ویلنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہورشہزاد اکبرنے کہا ہے کہ تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز 13 اگست کی رات سے 14 اگست کی رات تک شہر کا امن تباہ کرنے والے افراد کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ ہمیں پاکستان ہزاروں لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔نوجوان یومِ آزادی پر تجدید عہد کر کے پاکستان کا نام روشن کر نے کے مشن پر چلیں۔یومِ آزادی کے موقع پر شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دی جائیگا۔ سڑکوں پر ون ویلنگ ، ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ ، آتش بازی اور غل غپاڑہ کرنے والے نوجوانوں کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔جشن آزادی کی تقاریب کیلئے بھی مربوط سکیورٹی پلان جاری کیا جائیگا۔یومِ آزادی کی حساس تقاریب کی مانیٹرنگ سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔یومِ آزادی کے موقع پر پارکوں اور تفریحی مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔شہر کی اہم شاہراﺅں پر ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے نوجوان موئثر گشت کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی پر کسی کو قانون ہا تھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔یومِ آزادی کو لاہور پولیس سے تعاون کر کے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ شہداءکی قربانیوں کو یاد کریں۔