سپریم کورٹ: صنم ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو 15 روز میں گرفتار کرنے کا حکم

 
0
834

اسلام آباد اگست 13(ٹی این ایس)سپریم کورٹ نے سندھ میں قتل کی گئی صنم ایڈووکیٹ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کو 15 روز کی مہلت دے دی۔چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے صنم ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف ان کے بھائی نایاب سکندر عمرانی کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں، سندھ پولیس نے ابھی تک انہیں گرفتار نہیں کیا، کیا سندھ پولیس کی یہی کارکردگی ہے؟چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے سندھ پولیس کو ایک ماہ کا وقت دیا تھا، آئی جی سندھ کو ذاتی طور پر کیس دیکھنے کا حکم دیا تھا لیکن افسوس ہے کہ ہمارے احکامات کے باوجود ابھی تک عمل نہیں ہوا۔اس دوران درخواست گزار نایاب عمرانی نے کہا کہ میری بہن کو سندھ جبکہ میرے بھائی کو بلوچستان میں قتل کیا گیا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم بلوچستان کے مقدمات کی بھی تفصیلات منگوالیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے انسپکٹر جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر بلوچستان کے کیسز کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں، جس کے بعد سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی۔