حزب اختلاف کی تنقید کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں، شاہ محمود

 
0
350

اسلام آباد اگست 15(ٹی این ایس)تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ خورشید شاہ نے بڑے دل کے ساتھ نتیجہ قبول کیا اور آئین کے قواعد و ضوابط کی بات کی، سیاسی فہم و فراست اسی کو کہتے ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حزب اختلاف کے حقوق کو تسلیم کرتے ہیں اور تنقید کرنا حزب اختلاف کا کام ہے۔ ہم آپ کی تنقید کو کھلے دل سے تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو تسلیم کرنا جمہوریت کے فروغ کیلئے بہتر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نے جس طرح اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو پارلیمنٹ میں حلف اٹھانے کے لئے راضی کیا، اسکے لیے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 5 سال تحریک انصاف پیپلز پارٹی کے ساتھ اپوزیشن میں تھی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے تمام معاملات کو اچھے انداز سے نبھایا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسد قیصر صاحب کو بحیثیت اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کرانے پر تحریک انصاف اپنی تمام حلیف جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ ہم نے اسپیکر کے انتخاب کےلئے 176 ووٹوں کا حساب لگایا تھا جو کہ درست ثابت ہوا۔