ہم نے ملک کی خدمت کی ہے،تاہم مشکل وقت آتا ہے اور چلا جاتا ہے، نواز شریف

 
0
417

راولپنڈی اگست16(ٹی این ایس )راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نواز شریف نے ملاقات کے دوران پارٹی رہنماوں کو بتایا کہ بیماری کے دوران مجھے جیل میں چیک کرنے والا ڈاکٹر روپڑا اور اس نے بتایا کہ آج مجھے گردش حالات پر رونا آیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائداور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ن لیگی رہنما وں نے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے آنے والے رہنماوں میں سینیٹر مشاہد حسین سید، میر حاصل بزنجو، پرویز ملک ،طلال چوہدری، زبیر محمود اور غلام دستگیر کے علاوہ صاف پانی کمیشن کے سابق سربراہ قمرالاسلام کے بچوں نے ملاقات کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں میاں نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈمحمد صفدر نے سفید شلوار قمیض پہن رکھی تھی، جبکہ دوران ملاقات مریم نواز مگ میں چائے پیتی رہیں۔ملاقات کے دوران مریم نواز نے قمرالاسلام کی بیٹیوں کو پیار کیا اور کہا کہ بچوں گھبرانا نہیں ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

نواز شریف نے ملاقات کرنے والوں سے مختلف امور پر گفتگو کی اس دوران انہوں نے پارٹی رہنماوں سے کہا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے،تاہم مشکل وقت آتا ہے اور چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے جس پر وہ ان کے مشکور ہیں،انہوں نے بتایا کہ جیل میں علاج کے دوران مجھے چیک کرنے والا ڈاکٹر روپڑا تھا۔