پاکستان پیپلزپارٹی کا وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں بھی لاتعلق رہنے کا فیصلہ

 
0
341

لاہور اگست 18(ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاق کی طرح پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کو وزیر اعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق پارلیمانی لیڈرپاکستان پیپلز پارٹی پنجاب حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وزیر اعظم انتخاب کی طرح وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں بھی ووٹ نہیں دے گی ،ہمارے نزدیک پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ان پر یقین کرنا بہت مشکل ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ارکان وزیراعلیٰ کے انتخاب میں شریک توہونگے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کرینگے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اسپیکر،ڈپٹی اسپیکرانتخاب میں پنجاب میںپاکستان پیپلزپارٹی کے7میں سے2ارکان نے ووٹ ڈالا،جب کہ پارٹی کا فیصلہ تھا کہ ہم کسی کو بھی ووٹ نہیں دیں گے ،ہمارے دو ارکان نبیل رئیس ،غضنفرلنگاہ نے ووٹ ڈالے ،پارٹی فیصلے کی خلاف ورزی پرنبیل رئیس،غضنفرلنگاہ کوشوکازنوٹس جاری کیے۔

واضح رہے پاکستان پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز وزیر اعظم کے انتخابات میں اپوزیشن کے امیدور صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کو بھی ووٹ نہیں دیا جس کی وجہ سے میاں شہباز شریف کو کل 96ووٹ پڑے جبکہ عمران خان 176 ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوئے ۔