وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری  سے متعلق پی ٹی آئی رہنمائ عندلیب عباس کا دعویٰ بے سروپا

 
0
488

ایوان صدر میں عدنان  نام کا کوئی  ڈپٹی ڈائریکٹر نہیں، سابق وزرائے اعظم کی تقاریب حلف برادری میں لاکھوں نہیں ہزاروں روپے ہی خرچ ہوئے: عمر چیمہ کی تحقیقات

اسلام آباد، اگست 21 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری انتہائی سادگی کے ساتھ کی گئی جس میں مہمانوں کو صرف چائے اور بسکٹ پیش کیے گئے۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ حلف برداری کی تقریب میں صرف 50 ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ پہلے وزرائے اعظم کی تقریبات پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے رہے۔ عندلیب عباس کے اس ٹویٹ پر صحافی عمر چیمہ بھی میدان میں آگئے اور ایسی تحقیقاتی رپورٹ شائع کردی کہ آپ بھی دنگ رہ جائیں گے۔

عمر چیمہ نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ عندلیب عباس نے ایوان صدر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے حوالے سے اعداد و شمار پیش کیے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی تقریب حلف برداری پر 76 لاکھ روپے خرچ کیے گئے جبکہ نواز شریف کی تقریب حلف برداری پر 92 لاکھ روپے کا خرچہ آیا۔ عمر چیمہ نے عندلیب عباس کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ ایوان صدر میں عدنان نام کا کوئی ڈپٹی ڈائریکٹر نہیں ہے جس پر کامیڈین شفاعت علی کی جانب سے ایک سکرین شارٹ شیئر کیا گیا جس میں عدنان کا نام ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر درج ہے۔

عمر چیمہ نے کہا کہ جب انہوں نے ایوان صدر سے رابطہ کیا تو پتا چلا کہ عدنان نام کا کوئی بندہ نہیں ہے، ’ میں نے عدنان مجید سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ وہ تو کو آرڈینیشن سیکشن میں ہے اور اخراجات کی تفصیل اس کے پاس آ ہی نہیں سکتیں کیونکہ یہ فنانس ڈپارٹمنٹ کا کام ہے، میں نے عندلیب عباس سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں اخراجات کی تفصیلات ملیحہ ہاشمی سے ملی ہیں۔ جب میں نے ملیحہ ہاشمی سے پوچھا تو انہیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ ایوان صدر میں عدنان نام کا کوئی ڈپٹی ڈائریکٹر نہیں ہے ، جس پر ملیحہ نے کہا کہ وہ اپنے ذرائع سے تصدیق کرنے کے بعد وضاحتی ٹویٹ کریں گی‘۔

عمر چیمہ نے بتایا کہ جب انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے رابطہ کیا تو پتا چلا کہ نواز شریف کی تقریب حلف برداری پر ساڑھے 4 لاکھ روپے خرچہ ہوا نہ کہ 92 لاکھ روپے جبکہ شاہد خاقان عباسی کی حلف برداری پر 40 ہزار اور نگراں وزیر اعظم ناصرالملک کی حلف برداری پر 36 ہزار روپے خرچ ہوئے۔