’’ آرام حرام ہے‘‘ ہمارا نیا سلوگن ہے ،سکون سے بیٹھوں گا نہ کسی کو آرام کرنے دوں گا‘ شیخ رشید

 
0
452

ریلوے کے تمام ہسپتالوں کی نجکاری کریں لیکن مزدور کو نقصان نہ ہو،اخراجات کم کر کے سارا زور آمدن بڑھانے پرلگایا جائے ،وفاقی وزیر ریلوے
لاہور اگست 25(ٹی این ایس ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’’ آرام حرام ہے‘‘ ہمارا نیا سلوگن ہے ،جب تک میں یہاں ہوں سکون سے بیٹھوں گا اورنہ کسی کو آرام کرنے دوں گا،ریلوے کے تمام ہسپتالوں کی نجکاری کریں لیکن مزدور کو نقصان نہ ہو،ریلوے اپنے اخراجات کم کرے اور سارا زور آمدن بڑھانے پرلگائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ افسران کی جانب سے وفاقی وزیر کو محکمے کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی ۔جبکہ انہیں نئے بننے اور اپ گریڈ ہونے والے ریلوے اسٹیشنوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔

شیخ رشید نے کہا کہ آمدن بڑھانا اور خسارہ کم کرنا میرا ہدف ہے اور افسران اس کے لئے تعاون کریں ۔محکمہ اپنے اخراجات کم کرے اور سارا زور آمدن بڑھانے پہ لگائے۔ مارکیٹنگ سٹریٹیجی اور فریٹ ٹرینوں پہ میرا خاص فوکس ہوگا۔ افسران ریلوے کے خول سے باہر نکل کر دیکھیں، پرائیویٹ سیکٹر کو متوجہ کریں، ان کے لیے سازگار ماحول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی قیمتی زمینوں پہ کمرشل پلازے بنانے کی ضرورت ہے اس سے آمدن بڑھے گی۔شیخ رشید نے افسران کو ہدایت کی کہ اسٹیشنوں کے قریب گندگی ختم کرنے کے لیے فوری صفائی ٹاسک فورس بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دس سال بعد ریلوے میں قدم رکھا ہے بہت سے مسائل وہیں کھڑے ہیں جہاں چھوڑ کے گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے تمام ہسپتالوں کی نجکاری کریں لیکن مزدور کو نقصان نہ ہو ۔مجھے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں کوئی افسر آرام کرتا نظر نہ آئے سب فیلڈ میں جائیں اورریلوے کے لیے بزنس لائیں ۔