عمران خان کے گڈ گورننس اور تبدیلی کے دعوؤں کی حقیقت ہفتے بھر میں ہی بے نقاب ہوگئی ‘ حمزہ شہباز

 
0
847

حکومت کو ملک کی بربادی کیلئے کھلی چھٹی نہیں دینگے ،اپوزیشن کا بھرپور کردار کرینگے ‘اراکین اسمبلی ، رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو
لاہور اگست 29(ٹی این ایس )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی کارکردگی کا مقابلہ تحریک انصاف کے بس کی بات نہیں، عمران خان کے گڈ گورننس اور تبدیلی کے دعوؤں کی حقیقت ہفتے بھر میں ہی بے نقاب ہوگئی اور ڈی پی او پاکپتن کا معاملہ ان دعوؤں کو منہ چڑھا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملاقات کرنے والوں میں اویس لغاری، طاہرالملک، چوہدری جعفر، اورنگ زیب بٹ، تہمینہ دولتانہ، میاں مرغوب، مہر اشتیاق، لال جوئیہ، خواجہ عمران نذیر، سمیع اللہ چوہدری سمیت دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر مرکز اور صوبے میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے ، پارٹی کے تنظیمی امور اورمستقبل کے لائحہ عمل، صدارتی اور ضمنی انتخابات سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ بعض رہنماؤں نے اپنی تجاویز بھی دیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان اور ان کے پسماندہ علاقے کے وزیر اعلیٰ پنجاب قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، ہیلی کاپٹر سسرال جانے اور جھولے لینے کے لئے استعمال ہورہا ہے، پی ٹی آئی کی اصلیت اور اہلیت پوری دنیا پر عیاں ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے مینڈیٹ پر ڈاکے کی واردات کو دہرانے نہیں دے گی اور ضمنی انتخاب میں انشااللہ ہر طرف شیر ہی شیر نظر آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تبدیلی لانے کے نعرے اور بڑے بڑے دعوے ہوا ہو گئے ہیں ، تحریک انصاف کی حکومت آغاز میں ہی بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہے۔ ڈی پی او پاکپتن کا معاملہ پی ٹی آئی قیادت کے دعوؤں کو منہ چڑھا رہا ہے اور عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ کون سے میرٹ کی بنیاد پر ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں؟ ۔انہوں نے کہا کہ وزارتوں کی بندر بانٹ کے بعد ٹھیک اسی طرح کی کمزور اور نااہل حکومت ہی وجود میں آئی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کے کھوکھلے نعروں کی حقیقت جان چکے ہیں ،مصنوعی مینڈیٹ اور ووٹ چوری کرنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی کارکردگی کا مقابلہ تحریک انصاف کے بس کی بات نہیں، عوام مسلم لیگ (ن) کے سنہری دور حکومت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران اپنی نا تجربہ کاری کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں ،امریکہ اور دیگر ممالک سے تعلقات کو انتہائی غیر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اورخدشہ ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں تنہائی کا شکار نہ ہو جائے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) حکومت کو ملک کی بربادی کیلئے کھلی چھٹی نہیں دے گی بلکہ وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا ۔