تحریک لبیک کا لانگ مارچ راولپنڈی پہنچ گیا ،علامہ خادم رضوی نےہالینڈ سفیر کی ملک بدری کے بغیر حکومت سے مذاکرات سے انکار کر دیا

 
0
514

راولپنڈی اگست 30(ٹی این ایس)گستاخانہ خاکوں کے خلاف اور ہالینڈ کا سفارتخانہ بند کروانے کے لئے تحریک لبیک پاکستان کا لانگ تمام تر رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے راولپنڈی پہنچ گیا،ہزاروں افراد علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ،دوسری طرف سیکیورٹی اداروں نے ریڈزون اسلام آباد کو چاروں طرف سے سیل کرنا شروع کر دیا ،سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات،تحریک لبیک کی قیادت نے ہالینڈ کے سفیر کی ملکی بدری کا نوٹیفکشن جاری ہونے تک حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں تحریک لبیک پاکستان کا لاہور سے شروع ہونے والا ’’لانگ مارچ‘‘تمام تر سرکاری رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے راولپنڈی پہنچ گیا ہے ،لانگ مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہیں ،اس پہلے لانگ مارچ کے شرکا کو کینٹینر اور خار دار تاریں لگا کرجہلم پل پر روکنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم لانگ مارچ کے شرکا نے تمام تر رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے راستے میں کھڑے کئے گئے کینٹینر اور خار دار تاریں دریائے جہلم میں پھینک دیں تھیں،اس موقع پر شرکا کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے کسی بھی بد مزگی سے بچنے کے لئےپولیس اہلکار دور کھڑے خاموش تماشائی بنے رہے ۔
دوسری طرف حکومت نے علامہ خادم حسین رضوی اور تحریک لبیک کی قیادت سے مذاکرات کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری شامل تھے تاہم علامہ خادم حسین رضوی نے حکومتی ٹیم سے ہالینڈ کے سفیر کی ملک بدری اور ہالینڈ سے پاکستانی سفیر کی وطن واپسی کے نوٹیفکیشن جاری ہونے تک کسی قسم کے مذاکرات سے انکار کر دیا تھا ۔
تحریک لبیک کے لانگ مارچ میں سینکڑوں گاڑیوں ،بسوں ،ویگنوں اورموٹر سائیکلوں پر سوار ہزاروں شرکا انتہائی جوش و خروش سے تمام راستے لبیک ،لبیک ، لبیک یارسول اللہ ﷺ کے نعرے لگاتے رہے جبکہ راستے میں مختلف مقامات پر لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں میں علامہ خادم حسین رضوی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک ہمارا سفیر واپس نہیں آجاتا اور انکا سفیر ملک پاکستان سے نکل نہیں جاتا اُس وقت تک ہم میدانِ عمل میں ہیں اور اسکے لئے ہمیں جو بھی قربانی دینی پڑے گی ہم اس قربانی کیلئے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں روکنے کے لئے پہلے جہلم کا پل بند کیا گیا،کیا ہالینڈ کا سفیر حکومت کا باپ لگتا ہے کہ اسے ملک بدر نہیں کیا جا سکتا ؟حضورﷺ کے خاکے بنانے جیسا مکروہ فعل کسی صورت نہیں ہونے دیں گے،ساری دنیا کی عزتیں اس خاک پر قربان جہاں سے حضورﷺ کا گذر ہوا ،ہم بہت بڑا مشن لے کر اسلام آباد جا رہے ہیں ، ہم نے تو حکومت کے سامنے بہت چھوٹا سا مسئلہ رکھا ہے ،سفیر کو نکالنا تو کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں، حکومت کے ساتھ مذاکرات صرف اس وقت ہوں گے جب پاکستان میں تعینات نیدرلینڈز کے سفیر کو ملک بدر کرنے اور نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر کو واپس بلانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے، راولپنڈی پہنچنے پر تحریک لبیک کے مقامی کارکنوں نے قافلے کا پر جوش استقبال کیا ۔دوسری طرف سیکیورٹی اداروں نے کسی بھی نا خوشگوار صورت حال سے بچنے کے لئے اسلام آباد میں ریڈ زون کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز کے دستوں نے سیکیورٹی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔