چیف جسٹس کا کراچی کے مختلف اسپتالوں کا دورہ

 
0
338

کراچی ستمبر 1(ٹی این ایس)چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے آج ضیاالدین ہسپتال ،کاڈریو اور جناح ہسپتال کے دورے کئے اور زیر علاج ملزم شرجیل میمن سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے آج کراچی رجسٹری میں اہم کیسز کی سماعت سے قبل شہر قائد کے ضیا الدین ہسپتال، امراض قلب اور جناح ہسپتال کے دورے کئے۔

ذرائع کے مطابق ضیا الدین ہسپتال آمد کے بعد جسٹس ثاقب نثار نے اسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے روم کا دورہ کیا، اور ان سے مختصر گفتگو کی، اس دوران ہسپتال کے عملہ کو باہر نکال دیا گیا تھا۔بعد ازاں چیف جسٹس نے امراض قلب کراچی کا دورہ کیا، واضح رہے کہ کارڈ یک ہسپتال میں سندھ میں میگا کرپشن کے ملزم انور مجید اور حسین لوائی زیر علاج ہیں۔ضیا الدین ہسپتال اور امراض قلب کے دورے کے بعد چیف جسٹس جناح اسپتال پہنچے، جہاں جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے چیف جسٹس کو بریفنگ دی، یاد رہے کہ جناح اسپتال میں منی لانڈرنگ کیس کے ملزم عبدالغنی زیر علاج ہیں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کررہا ہے، جبکہ شہری پر تشدد کیس میں پی ٹی آئی کے عمران علی شاہ عدالت میں موجود ہیں۔دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان کی آمد سے قبل سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر مہران ٹاﺅن کے مکینوں نے احتجاج کیا،علاقہ مکینوں کا کہناتھا کہ جعلی فائلوں کی آڑ میں ہمیں بے گھر کیا جارہا ہے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مہران ٹاون میں خواتین اور بچوں پر تشدد کیا جارہاہے،چیف جسٹس پاکستان ہمیں بے گھر ہونے سے بچائیں،اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔