فلسطین کے لیے امریکی امداد معطل، امن عمل کو نقصان پہنچے گا ،عالمی ماہرین کی رائے

 
0
830

امدادمعطی کا مقصد فلسطینیوں پر دبا ڈال کر انہیں مذاکرات کے لیے آمادہ کرنا ہے،جرمن ریڈیو سے بات چیت 
نیویارک ستمبر 2 (ٹی این ایس )بین الاقوامی سیاسی ماہرین نے کہاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے مالی امداد روکنے سے اسرائیلی مفادات کو تو فائدہ ضرور پہنچے گا تاہم اس سے امن عمل منفی انداز سے متاثر ہو گا اور مشرق وسطی میں کشیدگی پھر بڑھ سکتی ہے۔سابق اسرائیلی سفارتکار اور اب ایک تجزیہ کار ایلن بیکر نے جرمن ریڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینیوں کے لیے امریکی امداد کی کٹوتی کے حالیہ فیصلے سے اسرائیلی حکومت یقینی طور پر کافی خوش ہو گی۔ ان کے بقول اس اقدام کا مقصد فلسطینیوں پر دبا ڈال کر انہیں مذاکرات کے لیے آمادہ کرنا ہے۔دوسری جانب صورت حال اب یہ ہے کہ امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کو فراہم کردہ امداد بہت ہی کم رہ گئی ہے اور یورپی سفارت کاروں کا ماننا ہے کہ اس سے ٹرمپ کی پوزیشن کمزور ہو گی۔

ایلن بیکر کے مطابق جب آپ کے پاس انہیں دھمکی دینے یا ڈرانے دھمکانے کے لیے امداد روکنے کا ہتھکنڈا نہیں، تو آپ کی پوزیشن کمزور ہو گئی ہے۔فلسطینی اقتصادی ماہر ناصر عبدالکریم نے بتایا کہ امداد کی کٹوتی سے فلسطینیوں کو ضرور نقصان پہنچے گا لیکن اس سے فلسطینی اتھارٹی کی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ان کے بقول امریکا فلسطینی اتھارٹی کو کوئی مالی امداد فراہم نہیں کرتا۔ اتھارٹی کو اسرائیل کے ساتھ سلامتی کے معاملات پر تعاون کی مد میں کچھ رقوم مہیا کی جاتی ہیں جن میں کٹوتی نہیں کی گئی ہے۔

فلسطینی تھنک ٹینک الشباکا کی صدر نادیہ حجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں فلسطینیوں کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا کافی مشکل بات ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ مکمل امریکی حمایت کے ساتھ اسرائیل کو مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری مزید بڑھانے کی کھلی چھوٹ ہو گی۔ حجاب نے کہاکہ اگر فلسطینی اتھارٹی اس وقت مذاکرات پر آمادہ ہوتی ہے تو اس سے امریکا کو یہ پیغام ملے گا کہ وہ جو چاہیں کر سکتے ہیں اور اگر فلسطینی حکومت بات چیت نہیں کرتی، تو وہ وہی کریں گے جو وہ چاہتے ہیں۔یورپی کونسل برائے خارجہ پالیسی کے ہیگ اوواٹ بھی اس سے متفق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے اگر کچھ ہو گا، تو وہ یہ ہے کہ فلسطینی، امریکی انتظامیہ اور اس کی جانب سے قیام امن کے لیے سامنے آنے والے منصوبے کے بائیکاٹ کی لیے کوششیں دگنی کر دیں گے۔