اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی درخواست پرنیب کو نوٹس جاری کردیا

 
0
331

اسلام آباد ستمبر 3(ٹی این ایس): اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست پر نیب کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں واجد ضیاء کے بیان میں تبدیلی سے متعلق نوازشریف کی درخواست پر جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔عدالت میں سماعت کے آغاز پر خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرا موقف ہے کہ نوازشریف اور حسین نوازنے رپورٹ پیش نہیں کی۔جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ پیش کی گئی تو جے آئی ٹی رپورٹ میں موجود ہوگا۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء نے جو بیان دیا وہ لکھوایا گیا۔
خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 30 اگست کواحتساب عدالت نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے کیے،عدالت نے سوال نامے کے تحت کارروائی نہیں چلائی۔جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب حکام کو کل سن لیتے ہیں، خواجہ حارث نے کہا کہ آج ہی کے لیے نوٹس کرلیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آج ممکن نہیں ہے۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے نوازشریف کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔