نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں ,ہائی کورٹ میں ہونے والے ٹرائل کو پوری قوم نے دیکھ لیا، احسن اقبال

 
0
422

اسلام آباد ستمبر 4(ٹی این ایس):مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں ، ہم حکومت کو 100دن کا پلان مکمل کرنے کا پورا موقع دیں گے جبکہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اپوزیشن وہی ہے جو آج مولانافضل الرحمان کو سپورٹ کررہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف عدالتی اور قانونی عمل کا سامنا کر رہے ہیں ، ہائی کورٹ میں ہونے والے ٹرائل کو پوری قوم نے دیکھ لیا، عدالت نےپوچھا کرپشن کہاں ہورہی ہے تونیب جواب دینےسےقاصر رہی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں ، ہم حکومت کو100دن کا پلان مکمل کرنے کاپورا موقع دیں گے ، انہوں نے جو پانی سے گاڑی چلانی ہے چلا کر دکھائیں۔
دوسری جانب ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کردار حکومت کے سہولت کار کا ہے اور پیپلز پارٹی آئندہ ایسا ہی کردار ادا کرتی رہے گی۔راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کا نام دینا جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی تھی ، تقاضا تھا تمام جماعتیں بیٹھ کر امیداور کا فیصلہ کرتیں ، آج واضح ہوجائے گا اپوزیشن کون ہے، اپوزیشن وہی ہے جو آج مولانافضل الرحمان کو سپورٹ کررہی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پیپلزپارٹی اور آصف زرداری سے اچھا تعلق رہا ہے، ہماراخیال تھا کہ آصف زرداری مولانا فضل الرحمان کے نام پر اتفاق کرلیں گے لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔مرتضیٰ جاوید کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کے امیدوار بننے میں سمجھنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے جبکہ ریاض پیرزادہ نے کہا لیڈرشپ کے ذاتی اختلافات کی وجہ سے خرابی پیدا ہوئی۔