صدر پوٹن کی طرف سے چار پاکستانیوں کے لیے روس کا اعلیٰ سول خصوصی ایوارڈ

 
0
447

شہری پاک فوج کے اس ریسکیو مشن کا حصہ تھے جس میں ایک روسی کوہ پیما کو پاکستان کے شمالی علاقے میں ریسکیو کیا تھا
روسی ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں میں قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انجم رفیق اور فخر عباس شامل ہیں،روسی سرکاری گزٹ کا اعلان 
ماسکوستمبر 4(ٹی این ایس)روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک روسی کوہ پیما کو ریسکیو کرنے والے چار پاکستانی شہریوں کو روس کے آرڈر آف فرینڈ شپ ایوارڈ سے نوازدیا ۔ روسی کوہ پیما کو جولائی کے اواخر میں پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے ریسکیو کیا تھا۔روسی نیوز ایجنسی کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے چار پاکستانی شہریوں کو آرڈر آف فرینڈ شپ ایوارڈ سے نوازا۔

ایوارڈ حاصل کرنے والے یہ پاکستانی شہری پاکستانی فوج کے اس ریسکیو مشن کا حصہ تھے جس میں ایک روسی کوہ پیما کو پاکستان کے شمالی علاقے میں ریسکیو کیا تھا۔ان افراد کو ایوارڈ دینے کا اعلان روس کے سرکاری گزٹ میں جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے کیا گیا۔ بیان کے مطابق اعلیٰ روسی ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں میں قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انجم رفیق اور فخر عباس شامل ہیں۔رواں برس جولائی کے مہینے میں دو روسی کوہ پیما پاکستان کے شمالی علاقوں میں بیافو گ گلیئشر کی لیٹوک ون نامی چوٹی سر کرنے کی کوشش کی دوران پھنس گئے تھے۔

روسی کوہ پیماؤں میں سینٹ پیٹرزبرگ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما الیگزنڈر گوکوف اور ان کے ساتھ سیرگئی گلازونوف شامل تھے۔دونوں کوہ پیماؤں کے پاس تین روز سے خوراک ختم ہو چکی تھی اور پچیس جولائی کے روز وہ ایک مقام پر پھنس گئے۔ اس دوران گلازونوف چوٹی سے گر کر ہلاک ہو گئے تاہم گوکوف کو ریسکیو کرنے کی کوششیں جاری رکھی گئیں۔بیس ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر پھنسے اس روسی کوہ پیما کو آخر کار اکتیس جولائی کے روز ریسکیو کر لیا گیا تھا۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ پاکستانی فوج کے ریسکیو اہلکاروں نے پہلی مرتبہ اتنی بلندی پر کوئی کامیاب امدادی کارروائی کی تھی۔