عاطف میاں کو اکنامک ایڈوائزری کونسل میں لگایا گیا ہے اسلامی نظریاتی کونسل میں نہیں: فواد چوہدری

 
0
700

اسلام آباد ستمبر 4(ٹی این ایس)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عاطف میاں کو ایڈوائزری کونسل کا رکن بنایا گیا ہے اسلامی نظریاتی کونسل کا ممبر نہیں لگایا گیا، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ کوئی آپ کے پسند کا نہیں تو اسے بحیرہ عرب میں پھینک دیں۔قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عارف علوی ایک انتہائی پروفیشنل اور نفیس انسان ہیں، ان کی پارٹی اور نظریے سے کمٹمنٹ شک و شبے سے بالاتر ہے وہ تحریک انصاف کے ابتدائی دنوں سے عمران خان کے ساتھ ہیں، پیپلزپارٹی نے ایک نامور اور زبردست شخصیت کو امیدوار نامزد کیا ۔
عاطف میاں کو اکنامک ایڈوائزری کونسل کا رکن لگائے جانے پر فواد چوہدری نے کہا ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اپنے ساتھ بسنے والی اقلیتوں کی حفاظت ،احترام اور عزت کرے،پاکستان میں اقلیتوں کو اتنا ہی حق ہے جتنا اکثریت کوہے ، مجھے نہیں لگتا کہ اکنامک ایڈوائزری میں تقرری پر کسی کو اعتراض کرنا چاہیے۔ اکنامک ایڈوائزری کونسل میں اسے لگایا گیا ہے جسے اگلے5سال میں نوبیل پرائز ملنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عاطف میاں کو اکنامک ایڈوائزری کونسل میں لگایا گیا ہے اسلامی نظریاتی کونسل میں نہیں۔ جو لوگ اعتراض کررہے ہیں وہ بنیادی طور پر انتہا پسند ہیں ، ہمیں انتہا پسندوں کے سامنے بالکل نہیں جھکنا چاہیے ، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ کوئی آپ کے پسند کا نہیں تو اسے بحیرہ عرب میں پھینک دیں۔