پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلقات کے استحکام کا خواہاں ہے:وزیر اعظم 

 
0
385

وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ٗ امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی
اسلام آباد، ستمبر 06 (ٹی این ایس):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلقات کے استحکام کا خواہاں ہے۔وہ امریکی وزیر خارجہ مائیکل آر پمپیو سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلقات کے استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے خطہ کی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں امن و استحکام کی خواہش کا اعادہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیراعظم کے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کی تعریف کی۔ امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان اور خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے امریکی انتظامیہ کی خواہش پہنچائی۔ قبل ازیں سہ پہر کو امریکی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ امور میں ملاقات کی اور دوطرفہ اہمیت کے معاملات کے ساتھ ساتھ افغانستان میں صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔