اڈیالہ جیل میں نواز شریف، مریم سے ملاقاتیں شروع

 
0
2470

راولپنڈی ستمبر 6(ٹی این ایس):اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نوازشریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جیل مینیول کے مطابق جمعرات قیدیوں سے ملاقات کا دن ہوتا ہے۔
جیل انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی لسٹ میں ملاقاتیوں میں میاں نوازشریف کے اہل خانہ میں میاں شہباز شریف و اہل خاندان، عباس شریف و اہل خاندان، کزن حارث بٹ اینڈ فیملی، کزن بلال منظور اینڈ فیملی کے نام شامل ہیں۔فہرست میں سینئر لیگی رہنماﺅں راجہ ظفرالحق، عابد شیر علی، ظفر اقبال جھگڑا، مریم اورنگزیب، طلال چوہدری، سائرہ افضل تاڑ اور دوسروں کے نام شامل تھے۔ن لیگی رہنما پروپز رشید، حنا پروپز بٹ، رانا تنویر، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، ٹیلی ویژن میزبان اجمل جامی، چوہدری تنویر، نجمہ حمید، خواجہ آصف اور صحافی جاوید چوہدری نواز شریف سے ملنے اڈیالہ جیل پہنچے۔اڈیالہ جیل کے باہرمسلم لیگی کارکنان جمع ہوئے اور نواز شریف کے حق میں مظاہرہ کیا، اس دوران کارکنان نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔
مسلم لیگ کے رہنما پرویز رشید اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہو کہا کہ صدارتی انتخاب میں نون لیگ کے ووٹ پورے تھے اور سارے ووٹ ہمارے امیدوار کو پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے امیدواروں کو انکے سارے ووٹ پڑے۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ مائیک پومپیو کے دورے اور ڈو مور پالیسی پروہ اخبارات کا مطالعہ کر کے ہی جواب دینگے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کےخلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت جاری رہی۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج نے نواز شریف کی درخواست پر انہیں آج کی سماعت سے استثنیٰ دے دیا تھا۔ سابق وزیراعظم نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں عدالت میں ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے کیوں کہ جمعرات قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے اوران کے اہل خانہ سے ملاقاتیں طے ہیں۔