عوام کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد نواز سوہو

 
0
366

ٹھٹھہ، ستمبر 11(ٹی این ایس):ڈپٹی کمشنر محمد نواز سوہو نے کہا ہے کہ عوام کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور عزاداروں کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے متعلق ضلع بھر کے ٹاؤن افسران سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ عمران الحسن، چیف آفیسر ضلع کونسل ٹھٹھہ قاضی فیاض احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اعجاز احمد بھٹو بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع بھر کے ٹاؤن افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران تمام شہروں باالخصوص امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کی گذرگاہوں پر بہتر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹ اور پینے کے پانی سمیت دیگر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے عاشورے کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں موجود امام بارگاہوں کے متولیوں اور علماء کرام سے مربوط رابطے میں رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اجلاسز منعقد کرکے درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی کیلئے مقرر عملے کا مکمل بایوڈیٹا جلد فراہم کریں تاکہ اس سلسلے میں انہیں کارڈز جاری کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر ٹاؤن افسران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مکمل تعاوں کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔