اپنے مفادات کا تحفظ ہر خود مختار ریاست کا حق ہے ، شہریار خان آفریدی

 
0
418

اسلام آباد ستمبر 18 (ٹی این ایس): وزیرمملکت داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اپنے مفادات کا تحفظ ہر خود مختار ریاست کا حق ہے ،اقتصادی ترقی کا دارومدار امن و امان پر ہے، ہمیں مشترکہ طور پر خطہ میں امن کیلئے کام کرنا ہو گا، ہم اپنے ملک کو ترقی کی اس نہج پر لے کر جائینگے جہاں دنیا ہم پر رشک کرے گی، پڑوسی ممالک کے درمیان مثبت تعلقات عالمی سطح پر ہم آہنگی پیدا کرنے کا باعث ہوتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے یہ بات منگل کو جنگ اور تنازعہ کے درمیان عالمی امن کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کے عوام آج بھی انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، موجود تنازعات کے حل کیلئے اقوام عالم کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے حقوق اور ان کی فلاح کیلئے اقوام عالم کو آگے آنا ہو گا، ہمیں یہ اعتراف کرنا ہے کہ ہم انسانوں کے دوست ہیں، ہمیں انسانیت کے مسائل پر توجہ کیلئے مثبت سوچ رکھنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان مثبت تعلقات عالمی سطح پر ہم آہنگی پیدا کرنے کا باعث ہوتے ہیں، خطہ میں امن کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمارا خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو محبت کا پیغام دینا ہے، عام آدمی آج بھی غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کو ترقی کی اس نہج پر لے جائیں گے جہاں دنیا ہم پر رشک کرے گی، انسانیت کی خدمت کرنا ہماری حکومت کا نصب العین ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل ولیج کی وجہ سے انفرادی عمل کا اثر تمام دنیا پر پڑھتا ہے، تنازعات کا حل ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، ہم سب کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہے ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر خود مختار ریاست کا حق ہے کہ وہ اپنے مفادات کا تحفظ کرے، ہمیں مشترکہ طور پر خطہ میں امن کیلئے کام کرنا ہو گا، اقتصادی ترقی کا دارومدار امن و امان پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقائی مشترکہ امن بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے، دنیا کی 50 فیصد آ بادی اور پیداوار کا بڑا حصہ اس خطہ میں ہے، یورپی مملک کی درمیان 4000 سال تک تنازعات رہے جبکہ شمالی امریکہ بھی سالوں تنازعات کا شکار رہا، یورپ اور شمالی امریکہ نے تاریخ سے سبق سیکھا اور یورپی یونین اور نافٹا جیسے ادارے تخلیق کئے۔