تھر کی نہر میں 11 سال بعد پانی فراہم کر دیا گیا

 
0
1315

تحریک انصاف کی حکومت کے آتے ہی تھر کے پریشان حال باسیوں کی سنی گئی
تھر ستمبر 29 (ٹی این ایس): قحط سے پریشان اور خشک سالی سے ستائے ہوئے صحرائے تھر کی دعائیں رنگ لے آئیں،11 سال بعد ےتھر کی نہر میں پانی فراہم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صحرائے تھر ایک طویل عرصے سے قحط سے نبرد آزما ہے اور خشک سالی نے اس کے باسیوں کو موت کا پیغام دینا شروع کر دیا تھا۔حالات اس قدر ابتر ہوچکے تھے کہ حکومت کی جانب سے تھر کے صحرا کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا جاچکا تھا۔
تھر کے صحرا کو قحط زدہ قرار دیئے ایک ماہ گزر گیا مگر امدادی سرگرمیوں کا کہیں بھی آغاز نہ ہو سکا جبکہ پانی اور خوراک کی کمی سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے نوٹسز لئے گئے مگر عملی طور پر کچھ بھی نہیں۔ حکومت کی جانب سے تھرکو قحط زدہ قرار دیئے ایک ماہ گزر گیا مگراس اعلان پر اقدامات کہیں بھی دکھائی نہیں دیتے، متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت کا بھی بدترین فقدان ہے مگر کوئی سننے والا نہیں۔
پانی، خوراک اور چارے کی قلت کے باعث ہزاروں افراد اور لاکھوں مویشی نقل مکانی کر چکے ہیں۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق تھر کے پریشان حال مکینوں کی سنی جا چکی ہے۔تھر کی بیراجی علاقوں کو سیراب کرنے والی رن نہر کی ٹیل یعنی آخری سروں تک پانی فراہم کر دیا گیا ہے۔مقامی افراد کے مطابق نہر کی ٹیل میں 11سال بعد پانی پہنچا ہے، کلوئی شہر کے واٹر سپلائی نظام کے خشک تالاب بھی 11سال بعد بھرنے لگے ہیں۔ نہر میں پانی کی فراہمی کے بعد مٹھی کے واٹر سپلائی تالابوں کو بھی پانی کی فراہمی یقینی ہو گئی ہے کیونکہ اسی نہر کے پانی سے مٹھی کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ایک دہائی بعد تھر کی نہر میں پانی دیکھ کر علاقہ مکینوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔