لاہور جنوری 04 (ٹی این ایس): پاکستا ن اور ترکی نے دوطرفہ تعلقات کووسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترکی کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً معیشت میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، صحت، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر و دیگرشعبوں میں ترکی کا تعاون چاہتے ہیں، ترک صدرنے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی کل، آج اور مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔دورہ ترکی کے موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ترک صدرطیب اردوان مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے ترکی تحریک میں کرداراداکیا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان نسلوں کارشتہ ہے۔پاک ترک تعلقات کو وسیع ترکرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوریاست مدینہ کی طرز پر بنانے کا خواہشمند ہوں۔پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ترکی کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً معیشت میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ترکی سے 50لاکھ گھروں کی تعمیر میں بھی ترک کمپنیز کا تعاون چاہتے ہیں۔ پانچ سالوں میں پانچ ملین گھر تعمیر کیے جائیں گے۔صحت کے شعبے میں بھی ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی اداروں نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔پاکستان میں دہشتگردی بہت حد تک کم ہوچکی ہے۔افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔افغانستان ، پاکستان اور ترکی کا مشرکہ اجلاس استنبول میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں بھی تعاون کررہا ہے۔خواہش ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرافغانستان اور خطے میں امن کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ترک صدرسے شام کے مسئلے کے حل پر بھی بات ہوئی ہے۔خواہش ہے شام کے مسئلے کا پرامن حل نکالا جائے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے بھارت کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کا بنیادی تنازع مسئلہ کشمیر ہے۔ترک صدر سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھی بات ہوئی ہے۔ ترک صدرطیب اردوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔عمران خان کوالیکشن میں کامیابی پر پھر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔عمران خان کی طرح میں بھی فٹ بال کا کھلاڑی رہا ہوں۔عمران خان خود کھلاڑی رہ چکے ہیں۔عمران خان اب بھی کپتان ہیں۔میں بھی فٹ بال کا کپتان تھا۔ہمیں خوشی ہے کہ عمران خان نے ترکی کا دورہ کیا۔ ترک صدر نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان میں تبدیلی کیلئے بڑی جدوجہد کی ہے۔ امید ہے کہ عمران خان کرکٹ کی طرح سیاست میں کامیاب ہوں گے،عمران خان نے بطور کھلاڑی دنیا بھر میں نام پیدا کیا۔اب سیاست میں بھی اپنی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات میں گرم جوشی پائی جاتی ہے۔ پاکستان کے ساتھ سیاسی ، عسکری، تجارتی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی کل، آج اور مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔