ریلوے پولیس ملازمین کیلئے نیا سال خوشیوں کا سال بن گیا، شیخ رشید کا ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان، تنخواہ بڑھانے کی زبانی سمری منظورکرلی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس

 
0
317

لاہور جنوری 05 (ٹی این ایس): ریلوے پولیس ملازمین کیلئے نیا سال خوشیوں کا سال ثابت ہوگیا، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہ بڑھانے کی زبانی منظوری لے لی ہے۔ انہوں نے آج ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس ملازمین کی تنخواہیں بڑھا رہے ہیں۔ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کی تنخواہوں کے برابر کردی جائیں گی۔اس حوالے سے زبانی سمری بھی منظور کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے کے باعث ریلوے کی زمین لیز پر دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ تاہم ریلوے کی اراضی صرف پانچ سالہ لیز پر دینے کی اجازت ہوگی۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں ایف ایم ریڈیو بھی شروع کررہے ہیں تاکہ مسافر کو یہ سہولت بھی حاصل ہو۔انہوں نے آئندہ چھ مہینوں میں دو وی وی آئی پی ٹرینیں بھی چلانے کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں گزشتہ روز وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کو مزید دوسال دئیے جائیں، چور، ڈاکو کسی کا احتساب نہیں کرسکتا، اس کے خلاف سپریم کورٹ آ رہا ہوں۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے زبردست کام کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کم از کم دو سال میں بہت سارے لوگوں کو پھانسیاں ہوئی ہیں، مجرم جیلوں میں گئے ہیں، 14سال بعد ریلوے میں وزیر آیا تو کرپشن کے کیسز وہیں پڑے ہیں۔ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئر مین بنانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں توایک بندے کے پیچھے لگا ہوں کہ دودھ کی رکھوالی پہ بلے کو نہیں بٹھایا جاسکتا۔ چور، ڈاکو کسی کا احتساب نہیں کرسکتا۔ اس کے خلاف سپریم کورٹ آ رہا ہوں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کوووٹ اس لیے ملا ہے کہ وہ آئین اور قانون کے تحت کرپٹ لوگوں کو شکنجے میں لائیں،اسی لیے لوگوں نے انہیں ووٹ دیئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر ہماری ضرورت کرپٹ لوگوں کے ساتھ مل کر چلنے کی ہے تو یہ اچھی موو نہیں ہوگی۔