حکومت کا تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کو ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ، اقدام کا مقصد تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کو فروغ دینا اور پاکستان کو تیل و گیس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے خود کفیل بنانا ہے

 
0
384

اسلام آباد جنوری 09 (ٹی این ایس): حکومت کا تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کو ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ، اقدام کا مقصد تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کو فروغ دینا اور پاکستان کو تیل و گیس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے خود کفیل بنانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کھلے سمندر میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے والی آف شورکمپنیوں، ان کے کنٹریکٹرز اور سروسز فراہم کرنیوالی کمپنیوں کو مشینری، آلات، بحری جہاز، ہیلی کاپٹرز، گاڑیوں، ڈرلنگ بائٹس، ڈرلنگ اینڈ سیسمک بحری جہاز، ایئر کرافٹس سمیت دیگر اشیاکی درآمدپر ڈیوٹی و ٹیکسوں سے چھوٹ دیدی ہے۔جبکہ اس کے علاوہ انہیں 2 فیصد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی میں بھی رعایت دی گئی ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر سے 2 نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے پوچھا گیا کہ کیا یہ چھوٹ سمندر میں تیل و گیس کے ذخائرکی تلاش کا کام شروع کرنیوالی ایگزون موبائل نامی ملٹی نیشنل کمپنی کیلئے دی گئی ہی توانھوں بتایا کہ کسی خاص کمپنی کو اس کے نام کے ساتھ چھوٹ نہیں دی گئی بلکہ اس کا اطلاق ان تمام آف شورکمپنیوں پر ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کو فروغ دینا ہے جس سے ملکی توانائی کی ضرورت پوری اور درآمدی بل کم ہوگا۔ واضح رہے کہ تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ایگزون موبائل 27 سال بعد پاکستان واپس آئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاک ایران ساحلی علاقے پر دنیا کے سب سے بڑے گیس و تیل کے ذخائر موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اگر کمپنی کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے پاکستان تیل و گیس کی ضروریات پوری کرنے میں خود کفیل ہو جائے گا۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ ایگزون موبائل نے پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کا عمل شروع بھی کر دیا ہے۔