نیب کی جانب سے گرفتاری، سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دیا ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے نیب کل احتساب عدالت میں پیش کرے گا

 
0
1677

لاہور فروری 06 (ٹی این ایس): سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے نیب کی جانب سے حراست میں لئے جانے کے بعد اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔ عبدالعلیم خان کو آج نیب نے پوچھ گچھ کیلئے صبح طلب کیا تھا جہاں 3گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ نیب کے مطابق علیم خان کو ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔  یاد رہے 6 ماہ بعد عبدالعلیم خان چوتھی بار نیب میں پیش ہوئے، علیم خان کی آخری پیشی 10 اگست 2018 کو ہوئی، نیب بیرون ملک آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے، نیب نے علیم خان کو آف شور کمپنی سکینڈل کی پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق عبدالعلیم کی 6 نئی آف شور کمپنیاں سامنے آئی تھیں۔